صدر مملکت کے پروٹوکول پراحتجاج کرنے والے شہری کے خلاف مقدمہ دائر ہونے پر عارف علوی بھی میدان میں آگئے ،ایسی بات کہہ دی کہ آپ کے لیے بھی یقین کرنا مشکل ہو جائے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )صدرمملکت عارف علوی نے پروٹوکول کے خلاف احتجاج پر شہری کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کو مضحکہ خیز قرار دے دیا ۔گزشتہ رات صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پروٹوکول توڑنے پر ایک شہری کے خلاف شارع فیصل تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق صدر مملکت عارف علوی کے قافلے کو گزارنے کے لئے گزشتہ رات 9 بجے شارع فیصل پر کار ساز کے قریب ٹریفک بند کی گئی تھی اس دوران نامعلوم شخص روکی گئی ٹریفک میں اپنی گاڑی کھڑی کر کے سب سے آگے نکل آیا اور ٹریفک روکنے والے پولیس اہلکاروں سے الجھ پڑا تھا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی اب اس معاملے پر سامنے آگئے اور کہا کہ پولیس کی جانب سے پروٹوکول پر احتجاج کرنے والے شہری کے خلاف مقدمہ مضحکہ خیز ہے اور جب عوام کو مشکلات ہوں گی تو ایسا ہی رد عمل کا مظاہرہ کریں گے۔یاد رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پہلے ہی پروٹوکول نہ لینے کا اعلان کیا تھا لیکن صدر مملکت کا حلف اٹھانے کے بعد پہلی بار کراچی آمد کے موقع پر ان کے پروٹوکول کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جس پر انہوں نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔