افغانستان میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، 8 بچے جاں بحق،4 شدید زخمی
کابل (آئی این پی ) افغانستان کے صوبے فریاب میں بارودی سرنگ پھٹنے سے 8 بچے جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہو گئے،بری طرح زخمی بچوں میں سے2 کی ٹانگیں کا ٹ دی گئیں ۔
افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے صوبے فریاب کے علاقے کوہ سید میں پولیس سٹیشن کے نزدیک بارودی سرنگ پھٹنے سے 7 بچے جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہو گئے تھے،زخمیوں میں سے ایک بچے نے ہسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔افغان سی آئی ڈی ڈائریکٹر غلام علی نے میڈیا کو بتایا کہ اس علاقے میں طالبان نے بارودی سرنگیں بچھائی تھیں۔ جہاں ایک درجن سے زائد بچے خطرے سے بے خبر کھیل رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہو گیا۔افغان محکمہ صحت کے ترجمان نے کہا کہ دھماکے سے بری طرح زخمی بچوں میں سے2بچوں کی ٹانگیں کاٹنا پڑی ہیں جس کی وجہ سے بچوں کی حالت نازک ہے۔ ٹانگوں سے محروم دونوں بچوں کو جوزجان ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔