یمنی فوج نے صعدہ میں حوثی ملیشیا کی بچھائی 500 بارودی سرنگیں تلف کردیں
صنعاء (این این آئی)یمنی فوج کی انجینئرنگ ٹیموں نے عرب اتحاد کی مدد سے شمالی صوبے صعدہ کے ضلع کتاف میں حوثی ملیشیا کی بچھائی گئی 500 بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز ڈیوائسز نکال کر تلف کردیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صعدہ میں بارودی سرنگوں کی تلفی کا کام کرنے والی انجینئرنگ ٹیموں کے ایک ذریعے نے بتایا کہ انھوں نے صعدہ میں حوثی ملیشیا سے آزاد کرائے گئے علاقوں کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں تاکہ شہری جب اپنے گھروں کو لوٹیں تو انھیں کسی قسم کا کوئی خطر ہ لاحق نہ ہو۔اس ذریعے کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے آبادی والے علاقوں میں سیکڑوں بارودی سرنگیں چھپا رکھی ہیں۔اب تک ان سے بازیاب کرائے گئے علاقوں سے200 بارودی سرنگیں ، بارود سے بھری گاڑیاں اور 300 دھماکا خیز ڈیوائسز نکالی جاچکی ہیں۔ان کا وزن تین سے 80 کلو گرام تک تھا۔
انھوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ حوثیوں نے ان میں سے زیادہ تر بارودی سرنگوں اور بموں کودیہات میں واقع فارموں ، شہری آبادیوں اور عوامی شاہراہوں کے قْرب وجوار میں چھپا رکھا تھا۔واضح رہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد یمن میں حوثی باغیوں نے سب سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی ہیں ۔