بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک خوفناک میدان جنگ میں تبدیل کر دیا ہے: سید علی گیلانی
سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر کو ایک خوفناک میدان جنگ میں تبدیل کر دیا ہے جہاں موت و تباہی کا کھیل روز دیکھنے میں آتا ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بانڈی پورہ کے علاقے سملر میں شہید ہونے والے5 نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری ایک پر امن طریقے سے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں لیکن اسکا جواب انہیں گولیوں ، پیلٹ اور آنسو گیس کے گولوں کی صورت میں ملتا ہے ۔ انہوں نے کہ بھارتی قیادت نے خود کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن 70 برس کا ایک طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اس نے اس وعدے کوپورا نہیں کیا۔
سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور دیگر جمہوری اور سیاسی طریقوں کے مطابق حق خود ارادیت کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں لہذا عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ حق خود ارادیت کے مطالبے اور دہشت گردی میں تمیز کرے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر بھی زور دیا کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیر کے بارے میں اپنی پاس کر دہ قرار دادوں پر عمل درآمد کرائے۔