آئی ایم ایل ٹرسٹ اور یو ایم ٹی کی نئی قیادت کا انتخاب ،ابراہیم حسن مراد ایگزیکٹو صدر اور ڈاکٹر احمد عمر مراد چیئرمین ٹرسٹ اور صدر یو ایم ٹی بورڈ آف گورنرز مقرر
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)آئی ایم ایل ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا اہم اجلاس یو ایم ٹی میں منعقد ہوا جس میں اتفاق رائے سے ابراہیم حسن مراد کو یو ایم ٹی اور ٹرسٹ کا انتظامی صدر ڈاکٹر احمد عمر کو چیئرمین ٹرسٹ اور آئی ایم ایل بورڈ آف گورنرز اور فاروق سلمان کو وائس چیئرمین مقرر کیا گیا ،ٹرسٹ کا یہ اجلاس سابق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن صہیب مراد کی 10 ستمبر کو گلگت کے قریب حادثی وفات کے بعد منعقد ہوا۔اجلاس میں شریک پروفیسر خورشید احمد ،ڈاکٹر رفیق ،محمد میاں سومرو ،ڈاکٹر اعجاز شفیع گیلانی،ڈاکٹر احمد عمر ،فاروق سلمان ،ابراہیم حسن مراد ،ارسلان خان خاکوانی ،ڈاکٹر محمد نواز ،عابد ایچ کے شیروانی نے شرکت کی ۔اجلاس میں مرحوم ڈاکٹر حسن صہیب مراد کی تعلیم ،اسلام اور پاکستان کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔
ابراہیم حسن مراد انتظامی صدر آئی ایل ایم ٹرسٹ اور یو ایم ٹی کو 2014 میں ٹرسٹی منتخب کیا گیا ،وارک یونیورسٹی برطانیہ سے ایجوکیشنل لیڈر شپ اور مینجمنٹ ماسٹر ڈگری کے حامل ہیں اور اس سے پہلے وہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر کام کر رہے تھے جبکہ اس سے قبل وہ ڈائریکٹرآف کوالٹی اینڈ اسیسمنٹ کے عہدے پر بھی کام کر چکے ہیں ،وہ 2016 سے انسٹی ٹیوٹ آف نالج اور لیڈر شپ دبئی (آئی کے ایل)کے صر کے بھی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔یہ ادارہ یو اے ای ،سعودی عرب او دیگر جی سی سی ممالک کے بڑے نجی اور حکومتی اداروں کو ٹریڈنگ اورکنسلٹنسی کی خدمات فراہم کر رہا ہے ۔ ابراہیم حسن مراد ’’اکیڈیمیا میگزین ‘‘کے چیف ایڈیٹر او پبلشر بھی ہیں ،یہ جریدہ ملک میں تعلیمی ترقی اور متعلقہ عوامل پر مصدقہ اور قابل اعتماد معلومات فراہم کرتا ہے ،انہوں نے ستارہ بلال کے نام سے ایک فاؤنڈیشن بھی قائم کی ہے جو سکول کے بچوں میں جذبہ حب الوطنی اور قربانی پیدا کرنے کا فرض سرانجام دے رہی ہے ۔ابراہیم حسن مراد اعلیٰ تعلیم سے متعلقہ انتظامی امور ،کیمپس کی ترقی ،وسائل کی یکجہتی ،طلبا کی تربیت ،کامیابی اور ای لرننگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔
ڈاکٹر احمد عمر مراد چیئرمین ٹرسٹ اور آئی ایم ایل بورڈ آف گورنرزیوایم ٹی کے نامور سکالر ہیں ،انہوں نے واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی امریکہ سے بائیو کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے ،وہ ڈی پال یونیورسٹی شگاگو سے ماسٹرز اور برطانیہ سے گرایجویشن ڈگری ہولڈر ہیں ۔ابتدائی طور پر وہ ریسرچ سائنسدان کے طور پر کام کرتے رہے ہیں۔ ڈاکٹر احمد عمر مراد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بچوں اور نوجوانوں کی ٹریننگ اور ترقی کے وسائل کی دریافت میں مشغول رہے۔ڈاکٹر احمد عمر مراد ’’ساؤنڈ اینڈ ویژن ‘‘نامی ملٹی میڈیا کمپنی میں امریکہ ہی میں 2012 تک بطور وائس پریذیڈنٹ خدمات سرانجام دیتے رہے ۔انہوں نے اپنی زندگی نئے سافٹ وئیر تیاری پر مرکوز کر دی ہے جو اسلامک ایجوکیشن کے لئے انتہائی مقبول ہیں ۔ڈاکٹر احمد عمر مراد امریکن اسلامک کالج شگاگو اور یو ایم ٹی میں جدید اسلامی معاملات کی تدریس بھی کر رہے ہیں ،وہ اسلامی نظریات اور جور رسپانڈنس میں تحقیق کر رہے اور بین المذاہب ڈائیلاگ کے سرگرم حصہ دار ہیں۔
فاروق سلمان مراد وائس چیئرمین 1997 سے ٹرسٹ کے رکن ہیں ۔انہوں نے برطانیہ کی توبرو یونیورسٹی سے انجینئرنگ اور مینجمنٹ کی اعلیٰ تعلیمی ڈگری حاصل کی اور برطانیہ میں مینجمنٹ اور آرگنائزیشن کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرتے رہے ہیں ۔انہوں نے دنیا بھر میں تعلیمی اور کمیونٹی آرگنائزیشن کے لئے تربیتی کورس پڑھاتے ہیں۔وہ 2004 سے 2008 تک مسلم ایڈ کے چیئرمین اور 2010 سے 2014 تک سیکرٹری جنرل مسلم کونسل برطانیہ کے طور پر کام کرتے رہے ،اس وقت وہ اسلامک فاؤنڈیشن لیسٹر برطانیہ کے ڈائیریکٹر جنرل ہیں۔