”بھارت کے ایسے مقام کونشانہ بنائیں گے جہاں۔۔۔“پاک فوج کے سابق جرنیل نے یہ بات کرکے قوم کا لہو گرما دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) اعجاز اعوان نے کہاہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، اگر بھارت نے لڑائی میں پہل کی تو ضروری نے کہ ہم فوری جواب دیں،ہم اپنی حکمت عملی کے تحت ان کو وہاں پر نشانہ بنائیں گے جہاں ہم ان کونقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
سماءنیوز کے پروگرام ”نیوز بیٹ “ میں گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل (ر) اعجاز اعوان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ سے مسئلہ حل نہیں ہوگااور نہ ہی دونوں ملکوں میں اب جنگ ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کو قائل کرنے پر ناکام ہواہے اس لئے اب وہ مختلف بہانوں سے جنگ کی دھمکیاں دے رہاہے ۔ اس پر آئی ایس پی آر نے جتنا جواب دیدیا ہے وہ کافی ہے ، ضروری نہیں کہ اگر وہ ہمارے خلاف جنگ کریں تو ہم بھی فوری جواب دیں ، ہم ان کووہاں پرنشانہ بنائیں گے جہاں ہم ان کونقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کچھ پالیسیز بہت حوصلہ افزا ہیں جس میں ایک فارن پالیسی ہے ، سعودی عرب کوسی پیک میں شامل کرلینابہت بڑی کامیابی ہے لیکن سی پیک اور ایل این جی کی قیمتوں کے حوالے سے تحریک انصاف کو پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہاﺅس یا گورنر ہاﺅس میں رہنے سے قومیں غریب نہیں ہوتیں، ضروری یہ ہے کہ ملکی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے کیا کام کئے جائیں۔