حکومت نے پچاس لاکھ ملازمتیں دینے کی بجائے اتنے ہی لوگوں کو بے روز گار کر دیا : خواجہ سعد فیق
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے 50 لاکھ ملازمتیں دینے کی بجائے اتنے ہی لوگوں کو بے روزگار کردیا ہے، اِن سے ڈھنگ کا کوئی کام نہیں ہوتا۔
لاہور کی احتساب عدالت میں پیراگون ہاوسنگ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کی ،جس میں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے وکلاءاشترعلی اوصاف اور امجد پرویز نے دلائل دیئے۔پیرا گون ہاوسنگ کیس میں گرفتار مسلم لیگ نون کے رہنما وں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع کر تے ہوئے انہیں 28 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ بردران کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے 50 لاکھ ملازمتیں دینے کی بجائے اتنے ہی لوگوں کو بے روزگار کردیا ہے، اِن سے ڈھنگ کا کوئی کام نہیں ہوتا۔ان کا کہنا تھا کہ پروڈکشن آرڈر خیرات نہیں، حکومت نے لچھن ٹھیک نہ کیے تو زیادہ دیر نہیں چلے گی۔خواجہ بردران کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر کو ہٹانے یا صرف نوٹس لینے سے ڈینگی مچھر نہیں مرے گا،اس مقصد کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔