لاہور میں مرغی کا گوشت 3131 روپے فی کلو ہوگیا، ناقابل یقین خبر آگئی

لاہور میں مرغی کا گوشت 3131 روپے فی کلو ہوگیا، ناقابل یقین خبر آگئی
لاہور میں مرغی کا گوشت 3131 روپے فی کلو ہوگیا، ناقابل یقین خبر آگئی

  


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) اگر آپ کو کوئی یہ کہے کہ پاکستان میں مرغی کا گوشت 3131 روپے فی کلو ہوگیا ہے تو آپ کا رد عمل کیا ہوگا؟ یقیناً آپ موجودہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیں گے ۔ یہاں یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ یکدم مرغی کا گوشت اتنا مہنگا کیسے ہوگیا ؟ تو اس سوال کا جواب جاننے کیلئے آپ کو پنجاب حکومت کی جانب سے اشیاءخورو نوش کی قیمتیں بتانے والی ’ قیمت پنجاب‘ نامی ایپلی کیشن وزٹ کرنا پڑے گی جہاں مرغی کے گوشت کی قیمت 3131 روپے فی کلو درج ہے۔

پنجاب حکومت نے گزشتہ دنوں صوبے میں گرانفروشی کو روکنے کیلئے ایک موبائل ایپلی کیشن ’ قیمت پنجاب‘ کے نام سے متعارف کرائی تھی۔ اس ایپ کو روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے اور سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں صارفین کو بتائی جاتی ہیں تاکہ وہ سودا سلف لینے جائیں تو انہیں کوئی دکاندار ’لوٹ‘ نہ سکے۔

قیمت پنجاب ایپ پر آج (پیر 23 ستمبر )کی ریٹ لسٹ کا جائزہ لیں تو آپ اس وقت پریشان ہوجائیں گے جب آپ مرغی کے گوشت کی قیمت دیکھیں گے جو 3131 روپے فی کلو درج ہے۔ لاہور کی تمام تحصیلوں میں مرغی کے گوشت کی اول قیمت 3131 روپے ہی لکھی گئی ہے۔

مرغی کے گوشت کی اتنی زیادہ قیمت دیکھ کر پہلی نظر میں تو انسان بھونچکا رہ جاتا ہے لیکن جب دوئم قیمت کے خانے پر نظر پڑتی ہے تو قدرے اطمینان ہوتا ہے کہ وہاں فی کلو چکن کا ریٹ 313 روپے ہے۔ دونوں خانوں میں درج قیمتوں کا جائزہ لینے کے بعد یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ اول قیمت کے خانے میں چکن کے ریٹ میں 3131 روپے کا ریٹ غلطی سے درج ہوگیا ہے جس کو فوری درست کیا جانا چاہیے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس /علاقائی /پنجاب /لاہور


loading...