ہوسکتا ہے نواز شریف سیاسی پناہ کے لیے درخواست دے دیں: شہزاد اکبر
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نوازشریف کی حوالگی سے متعلق کام ہورہاہے،ہوسکتا ہے نوازشریف سیاسی پناہ کے لیے درخواست دے دیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیانیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نوازشریف کو جانے کی اجازت دی گئی،میڈیکل بورڈ کے مشاورت کے بعد ان کو باہر بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔شہزاد اکبر نے کہا کہ میاں صاحب کی جانب سے علاج کے بعد واپس آنے کی یقین دہائی کرائی گئی، اب ان کو وطن واپس لانا ہے۔ انہوںنے کہا کہ عدالت اور عوام کاغصہ جائز ہے، ہمارا یہ جرم ہے کہ ہم نے انہیں انسانی ہمدردری کی بنیاد پر بیرون ملک جانے دیا، نوازشریف لندن جا کر کسی ہسپتال داخل نہیں ہوئے۔