قومی ٹی 20 کپ؛ سیالکوٹ کو 6 ٹائٹل فتوحات کا اعزازحاصل

قومی ٹی 20 کپ؛ سیالکوٹ کو 6 ٹائٹل فتوحات کا اعزازحاصل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(سپورٹس رپورٹر) رواں سال قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے 17ویں چیمپئن کا فیصلہ ہوگا جب کہ سب سے زیادہ 6 ٹائٹل فتوحات کا اعزاز سیالکوٹ کو حاصل ہے۔پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز2005 میں ہوا،ابھی تک 16ایڈیشنز ہوچکے ہیں،پہلے ایونٹ ریجنز کے مابین ہوتا تھا،گذشتہ سیزن میں 6صوبائی ایسوسی ایشنز ایکشن میں تھیں، ناردرن کی ٹیم 30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہونے والے ایونٹ میں اعزاز کا دفاع کرے گی۔پی سی بی کی جانب سے ارسال کردہ اعدادوشمار کے مطابق سیالکوٹ اسٹالینز سب سے زیادہ 6 جبکہ لاہور کی ٹیموں (لاہور لائنز 3مرتبہ، لاہور بلوز اور وائٹس1،1 مرتبہ) نے 5 مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پشاور پینتھرز، پشاورریجن، فیصل آباد وولفز، کراچی بلوز اور ناردرن نے ایک ایک مرتبہ ٹرافی جیتی، سیالکوٹ اسٹالینز نے 2006 سے 2010 تک مسلسل 25 میچز جیت کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیزترین نصف سنچری بنانے کا اعزاز بھی سیالکوٹ اسٹالینز کے عمران نذیر کے پاس ہے، انھوں نے 2005 میں لاہور ایگلز کے مقابل 14 گیندوں پر 50 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی تھی، بہترین بولنگ کا ریکارڈ کراچی ڈولفنز کے عرفان الدین کے پاس ہے، انھوں نے 2006 میں سیالکوٹ اسٹالینز کیخلاف 25 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔