اپوزیشن کا منفی کردار افسوسناک، ماضی کی طرح اے پی سی کا یہ ڈرامہ بھی ناکام رہا: عثمان بزدار

  اپوزیشن کا منفی کردار افسوسناک، ماضی کی طرح اے پی سی کا یہ ڈرامہ بھی ناکام ...

  

 لاہور(نمائندہ خصوصی)  وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے ملاقات  کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، گندم، آٹے کے سٹاک و قیمتوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آٹے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیازکارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے اورمتعلقہ حکام مارکیٹوں اوربازاروں میں جاکر خود صورتحال کا جائزہ لیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپوزیشن کی اے پی سی کو ناکام ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے۔مایوس عناصر کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کیا۔ قوم کا پیسہ لوٹنے والے اے پی سی کے ناٹک کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ عوام باشعور ہیں اور نا اہل و کرپٹ چہروں سے اچھی طرح واقف ہیں۔باشعور عوام کو مسترد شدہ عناصر دھوکہ نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک کی ترقی و خوشحالی روکنے کے درپے ہیں۔ یہ عناصر ملکی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔اپوزیشن کا منفی کردار افسوسناک ہے۔ ماضی کی طرح اے پی سی کا یہ ڈرامہ بھی ناکام رہا۔ سردار عثمان بزدار سے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انسداد کورونا اورانسداد پولیوکیلئے مولانا طارق جمیل اورعلمائے کرام کے کردار کو سراہا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام نے ہمیشہ قومی ایشوز پر فعال کرداراداکیا ہے۔حکومت علمائے کرام کی قومی اوردینی خدمات کی معترف ہے۔کورونا وباء کے دوران بھی علمائے کرام کا تعاون لائق تحسین ہے۔ انسداد پولیو کیلئے علماء کرام کا موثر کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام نے ہمیشہ معاشرتی، سماجی اور اخلاقی اقدار کے تحفظ کیلئے بھرپور کردار ادا کیاہے۔ علماء کرام کا موثر کردار اس موذی مرض کے خاتمے میں ممدو معاون ثابت ہوگا۔ یہ ہمارا قومی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ علماء کرام نے ہمیشہ قومی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی ہے۔ علماء کرام نے ہر موڑ پر اور ہر مشکل کی گھڑی میں حکومت کی رہنمائی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی کے خلاف فکری اور نظریاتی جنگ میں بھی علمائے کرام کا کردار لائق تحسین ہے۔ مولانا طارق جمیل نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی خدمت کے جذبے کوسراہا۔

 عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -