پنجاب، کے پی کے میں آج چھٹی سے آٹھویں جماعت تک سکول کھولنے کا اعلان، سندھ کا انکار

پنجاب، کے پی کے میں آج چھٹی سے آٹھویں جماعت تک سکول کھولنے کا اعلان، سندھ کا ...

  

 اسلام آ باد، لاہور(نیوزایجنسیاں، لیڈی رپورٹر) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)نے ملک بھر میں چھٹی سے آٹھویں تک اسکول کھولنے کی اجازت دیدی۔ این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ (آج) بدھ سے چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔ این سی او سی کے اجلاس کے بعد وزیر تعلیم خیبر پختونخوا شہرام ترکئی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ این سی او سی کے اجلاس میں ہم نے (آج) بدھ سے خیبر پختونخوا کے اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بچوں کا مزید قیمتی وقت ضائع نہیں کر سکتے، اگر حالات بہتر ہوئے تو پرائمری اسکول بھی جلد کھول دیے جائیں گئے۔ وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے بھی اپنے بیان میں (آج) بدھ سے چھٹی تا آٹھویں جماعت تک اسکولوں کو کھولنے کا اعلان کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد راس نے کہا کہ ایک بھی کرونا کیس نکلا تو سکول بند کر دیا جائیگا۔ سکولوں میں 25ہزار سے زائد رینڈم کرونا ٹیسٹ کیے،ننکانہ،گجرات، فیصل آباد میں کرونا کیس نکلے، جہا ں جہاں کیس آئے ان سکولوں کو بندکر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ آج سے چھٹی سے 8ویں کی کلاسوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔پنجاب میں سکولز اپنے شیڈول کے مطابق کھلیں گے،پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کرونا کیسز سندھ سے کم ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور معاون خصوصی صحت فیصل سلطان نے کہا ہے کہ چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کے طلباء بھی آج (بدھ سے)سے سکول جائیں گے،اللہ تعالی کے فضل و کرم سے کورونا وبا کے حوالے سے حالات کنٹرول میں ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا کیسز کی تعداد میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں دیکھی گئی،سکولوں کی انتظامیہ سے اپیل ہے کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنا یا جائے۔ میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ایک ہفتے کے دوران سکولوں کی انسپکشن کی گئی، ایس او پیز پر عمل درآمد دیکھا گیا۔کچھ تعلیمی اداروں میں کورونا وبا سے متعلق ضابطہ کار پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا تھا۔ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے کئی سکول بند کیے گئے۔سندھ حکومت نے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق مزید ایک ہفتہ جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ملک میں کورونا وبا میں اضافے سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں۔ دوسری جانب سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھرمیں مڈل کلاسز کا آغاز 28ستمبر سے ہوگا۔ تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز کی صورتحال دیکھ کر یہ فیصلہ کیا گیا کہ مڈل کلاسز کا آغاز23ستمبر سے نہیں کیا جائے گا۔ ہم نے ایک ہفتے کے لیے آٹھویں اور ساتویں کلاسز شروع نہ کرنے کافیصلہ کیا تھا۔سندھ میں جو تعلیمی ادارے کھولے گئے ہیں ان میں کورونا ایس او پیز پر عمل در آمد نہیں ہو رہا۔ہمارے لیے بچوں کی صحت پہلی ترجیح ہے۔ تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ موخر کیا ہے۔

سکول 

مزید :

صفحہ اول -