فیڈ مک میں 400ارب کی سرمایہ کاری متوقع، 3لاکھ افراد کو روزگار ملے گا: کاشف اشفاق

 فیڈ مک میں 400ارب کی سرمایہ کاری متوقع، 3لاکھ افراد کو روزگار ملے گا: کاشف ...

  

 فیصل آباد(سٹی رپورٹر) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ8ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر محیط اقتصادی زون غیر ملکی اور مقامی صنعتکاروں کو ایک چھت تلے تمام سہولیات فراہم کررہا ہے۔گزشتہ روزیہاں پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں تمام صنعتوں کو دس سال کیلئے ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے جبکہ پلانٹ،مشینری،خام مال اور دیگر سامان ڈیوٹی فری امپورٹ کی بھی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ مختلف منصوبوں میں تقریباً 400 ارب روپے کی غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاری ہو رہی ہے جو سرمایہ کاروں کے موجودہ حکومت پر مکمل اعتماد کا مظہر ہے دیگر کئی ممالک کی طرح 25 سے زائد چینی کمپنیاں انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کے لیے معاہدے کر چکی ہیں۔ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی 3,300 ایکڑ سے زیادہ اراضی پر پھیلا ہوا ہے اور اس کا پہلا مرحلہ جنوری 2021میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا صنعتی مرکز ہے اور اس سے دو موٹرویز گزرتی ہیں۔ اس کا صرف علامہ اقبال انڈسٹریل پراجیکٹ ہی 3لاکھ سے زیادہ افراد کیلئے روزگار پیدا کرے گا جبکہ اس کے دوسرے منصوبے پاکستان میں معاشی انقلاب لائیں گے۔ سرامکس کی 6بڑی کمپنیاں فیڈمک انڈسٹریل زون میں کام کر رہی ہیں۔ سرامکس کی مد میں پاکستان سالانہ 2ارب ڈالر کی امپورٹ کرتا ہے آئندہ دو سالوں میں ان فیکٹریوں کی وجہ سے امپورٹ کی بجائے ایکسپورٹ شروع کر دے گا۔ بجلی کی قیمتیں چونکہ کافی زیادہ ہے لہٰذہ ہم این ٹی ڈی سی سے مل کر 20فیصدکم قیمت پر بجلی انڈسٹری کو فراہم کریں گے۔ فیڈمک میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل بھی قائم  کر دیا گیا ہے۔جو ہنگامی حالات میں معاون ثابت ہوگا۔ اس سے قبل پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نارتھ زون کے چیئرمین میاں نعیم احمد نے بتایا کہ پی ایچ ایم اے سالانہ 3.2 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کماتے ہیں۔ فیڈمک کے تینوں اکنامک زونزجیسے منصوبے معیشت کا پہیہ رواں رکھنے میں گیم چینجر ثابت ہونگے جس سے نہ صرف ایکسپورٹ میں اضافہ بلکہ لاکھوں لوگوں کو روزگار بھی فراہم کرے گا۔

کاشف اشفاق 

مزید :

صفحہ آخر -