فیاض الحسن چوہان کو ویڈیو پیغام میں بندوق کی نمائش مہنگی پڑ گئی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی جانب سے ویڈیو میں بندوق کی نمائش پر ان کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کروا دی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں قرار داد ن لیگ کی رکن اسمبلی رابیعہ نصرت کی جانب سے جمع کروائی گئی ہے جس میں فیاض الحسن چوہان کے خلاف اسلحہ کی نمائش پر مقدمہ درج کرکے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیاہے ۔ قرار داد کے متن میں کہا گیاہے کہ فیاض الحسن کا ویڈیو میں اسلحے کی نمائش کا مقصد اپوزیشن کو ڈرانا تھا ۔
یاد رہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیہ پر فیاض الحسن چوہان نے ویڈیو پیغام کی شکل میں اپنا رد عمل جاری کیا تھا جس میں پیچھے دیوار کے ساتھ کھڑی کی گئی خود کار بند وق دکھائی دے رہی تھی ، اس ویڈیو کا متن تو وائر ل نہ ہوا لیکن پیچھے پڑی بندوق نے سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ حاصل کر لی ۔
ویڈیو وائرل ہو نے پر فیاض الحسن چوہان کو اس پر وضاحت جاری کرنی پڑی جس میں اس کا کہناتھا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے جس کے باعث وہ ہر وقت اسلحہ اپنے ساتھ رکھتے ہیں تاہم آج وہ پیچھے پڑے اسلحے کو ویڈیو کی ریکارڈنگ سے قبل ہٹانا بھول گئے تھے ۔