قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ کیلئے منتخب سیکنڈ الیونز کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس بھی آ گئیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے سیکنڈ الیونز بھی کورونا کلیئرنس پانے میں کامیاب ہوگئیں جبکہ کھلاڑیوں اور معاون سٹاف کو بائیو سیکیور ببل میں منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ کیلئے 6سیکنڈ الیون سکواڈز اور معاون سٹاف کے دوسرے کورونا ٹیسٹ بھی منفی آ گئے ہیں جبکہ 2افراد کی رپورٹس آنا ابھی باقی ہیں، کلیئر قرار پانے والے کھلاڑی اور سٹاف ایونٹ کیلئے لاہور میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن گئے ہیں۔
سینٹرل پنجاب، خیبرپختونخوا، ناردرن اور سدرن پنجاب کے سکواڈز پہلے سے ہی لاہور میں موجود تھے، دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آنے کے بعد مریدکے کنٹری کلب کے سینٹرل سٹیشن پر موجود بلوچستان اور سندھ کے کھلاڑی اور سٹاف بھی مقامی ہوٹل میں پہنچ گئے جہاں کھلاڑیوں کو آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہے۔
یاد رہے کہ دوسرا ٹیسٹ کلیئر آنے تک تمام پلیئرزکو اپنے کمروں تک محدود رہنے کا کہا گیا اور اس دوران انہوں نے موبائل فونز سے ہی دل بہلایا، سیکنڈ الیون سکواڈز میں شامل کرکٹرز اور سپورٹ سٹاف بدھ سے قذافی سٹیڈیم اور نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں اپنی ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کا آغاز کر دیں گے جبکہ سندھ سیکنڈ الیون ٹیم کے کپتان فواد عالم بھی بدھ کو لاہور پہنچیں گے۔