وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر رجب طیب اردگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پیغام جاری کر دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر رجب طیب اردگان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پیغام جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں ایک مرتبہ پھر اہلِ کشمیر کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے پر میں صدر اردگان کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ ترکی کی غیر متزلزل حمایت حقِ خودارادیت کی جائز و منصفانہ جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کیلئے ہمت و حوصلے کا ایک ذریعہ ہے۔“
یاد رہے کہ ترک صدر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیرکا حل ہی جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کا راستہ ہے،مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے مسئلہ مزید گھمبیر ہو گیا ہے،عالمی قوانین کی خلاف ورزی سے خطے میں مزید مسائل پید ا ہوں گے۔ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کروایا جائے۔
طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر اسرائیل کے معاون ہیں،اسرائیل مقبوضہ بیت المقدس میں مظالم بڑھا رہا ہے۔ طیب اردوان کی تقریر کے دوران اسرائیلی سفیر اٹھ کر چلے گئے۔