مریم نواز نے شہباز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد دی تو حامد میر بھی میدان میں آ گئے ، دلچسپ مکالمہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )اپوزیشن لیڈر شہبازشریف آج 69 سال کے ہو گئے ہیں اور اس موقع پر مریم نواز شریف نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے نہایت جذباتی پیغام جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق مریم نوازشریف نے شہبازشریف کیلئے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”اس شخص کو سالگرہ مبارک ہو جس نے بے لوث اور قوم کی انتھک خدمت کی ہے ، وہ شخص جس نے بدترین ذاتی اور سیاسی الزام تراشیوں کا نشانہ بننے کے باوجود بھی اپنے بھائی کیلئے کبھی نہ ڈگمگانے والی وفا کی اعلیٰ مثال قائم کی ،وہ شخص جو کہ میرے لیے باپ کی حیثیت رکھتے ہیں ، شہبازشریف کو بہت بہت سالگرہ مبارک ۔“
مریم نوازشریف کے پیغام پر سینئر صحافی حامد میر بھی میدان میں آئے اور انہوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”نون اور شین یک جان دو قالب۔۔۔ مسلم لیگ ن کو توڑنے کا خواب پھر بکھر گیا کبھی کبھی خواب ٹوٹنے کی خبر بھی بریکنگ نیوز بن جاتی ہے۔“
مریم نوازشریف نے سینئر صحافی حامد میر کا پیغام دیکھا تو اس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ”ایک تھے ،ایک ہیں اور ہمیشہ ایک رہیں گے انشاءاللہ ، اِن کو توڑنے کے خواب دیکھنے والے خود ٹوٹ جائیں گے۔ ایسے کئی آئے اور کئی گئے۔“