جاری کھاتوں کا توازن مسلسل دوسرے ماہ بھی مثبت ، سٹیٹ بینک نے خوشخبری سنا دی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )سٹیٹ بینک نے پیغام جاری کرتے ہوئے خوشخبری سنائی ہے کہ جاری کھاتوں کا توازن مسلسل دوسرے ماہ بھی مثبت رہاہے ، ترسیلات زر میں اضافے اور درآمدات میں کمی کے باعث اگست میں جاری کھاتوں کا توازن سرپلس ریکارڈ کیا گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کر دہ تفصیلات میں بتایا گیا کہ جولائی اور اگست 2020 میں جاری کھاتوں میں 50 کروڑ 80 لاکھ ڈالر اور 29 کروڑ 70 لاکھ ڈالر سرپلس رہے ہیں ۔موجودہ مالی سال کے دوران سرپلس 805 ملین ڈالر پر پہنچ گیا ہے جبکہ گزشتہ سال جولائی 2019 میں جاری کھاتوں کا خسارہ ایک ارب 20 کروڑ ڈالر تھا ۔سٹیٹ بینک کا کہناتھا کہ بیرون ملک میں کام کرنے والے ورکرز کی ترسیلات زر کو بڑھانے کیلئے کی جانے والی کوششیں اور امپورٹ پرائسز میں نرمی جاری کھاتوں میں بہتری کو واضح کرتی ہیں ۔