ن لیگ کی قیادت کی آرمی چیف سے کتنی ملاقاتیں ہوئیں ؟ شیخ رشید نے تہلکہ خیز دعویٰ کر دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )شیخ رشید نے دعویٰ کیاہے کہ ن لیگ کے رہنماﺅں کی آرمی چیف کے ساتھ دو ملاقاتیں ہوئیں ، 16 تاریخ کو ہونے والی ملاقات سے قبل بھی ایک ملاقات ہوئی جس میں احسن اقبال اور خواجہ آصف نے آرمی چیف سے ون ٹو ون بھی ملاقات کی تھی ۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نجی ٹی وی چینل ” سماءنیوز “ سے گفتگو میں مریم نواز کی نواز شریف کے نمائندے کی آرمی چیف سے ملاقات کی تردید پر رد عمل دیتے ہوئےکہا کہ ”وہ جھوٹ بھول رہی ہیں ، دیکھیں کہ اب ان کی عقل پر ماتم ہی کیا جاسکتا ہے ، 16 تاریخ کو ساڑھے تین گھنٹے ملاقات ہوئی ہے ، اور یہ ملاقات 9 بج کر 20 منٹ پر شروع ہو ئی اور 12 بج کر 30 منٹ تک جاری رہی ، وہاں سب لوگ موجود تھے ، ساری کھل کر باتیں ہوئیں اور بڑے نارمل حالات میں ملاقات ہوئی بلکہ میں تو یہ کہوں گا کہ فرینڈلی انداز میں باتیں ہوئیں ،وہاں پر کوئی تلخی یا کوئی ایسی بات نہیں ہوئی ، اس ملاقات میں خواجہ آصف اور احسن اقبال بھی تھے ۔
شیخ رشید نے کہا کہ آج پہلی دفعہ کہنے لگاہوں کہ 16 ستمبر سے ایک تقریبا ایک ماہ پہلے بھی ایک میٹنگ ہوئی تھی ، اس میں بھی سارے لوگ موجود تھے ، یعنی یہ دو میٹنگز ہوئی ہیں تھوڑے سے وقفے میں ، پہلے ملاقات ڈنر پر ہوئی تھی اور اس بار یہ چائے پر ملاقات ہوئی ۔شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ”16 تاریخ سے پہلے ہونے والی ملاقات میں احسن اقبال اور خواجہ آصف نے تو بہت دیر تک چیف کے ساتھ ون ٹو ون میٹنگ بھی کی ، وہ چلے گئے تھے ، ہم زرا دور بیٹھے تھے ، دونوں چیف کے ساتھ ون ٹو ون ملاقات کر رہے تھے ۔“انہوں نے کہا کہ پہلی ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے ۔
یہ ملاقات تو تین گھنٹے پر محیط تھی لیکن پہلے ہونے والی ملاقات ا س سے کئی زیادہ طویل تھی ، اس میں بھی چیف نے کھل کر جوابات دیئے ۔شیخ رشید نے کہا کہ پہلی ملاقات میں تو شہبازشریف اور میں نے ایک ہی ٹیبل پر کھانا بھی کھایا تھا ۔