زیادہ چالاک نہ بنو،مریم نواز، غریدہ فاروقی پر برس پڑیں
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر مریم نواز کے بیان پر تبصرے کے بعد مسلم لیگ ن کی رہنما صحافی غریدہ فاروقی پر برس پڑیں، اس کے جواب میں غریدہ فاروقی نے بھی ٹوئٹر کا محاذ سنبھال لیا اور سلسلہ وار کئی ٹوئیٹس کر دیئے ۔
مسلم لیگ ن کے آفیشل ٹوئیٹر سے ایک ویڈیو شیئرکی گئی جس میں مریم نواز کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ "ان ایشوز زپر سیاستدانوں کو بلانا چاہیے اور نہ ہی انہیں جانا چاہیے ، جس نے ڈسکشن کے لیے آنا ہے ،، وہ پارلیمنٹ میں آئے" ۔ دراصل پارلیمانی رہنمائوں کی عسکری حکام سے ملاقات کے بارے میں سوال کا جواب دے رہی تھیں۔
مریم کی اس گفتگو پر غریدہ فاروقی نے لکھا کہ "مریم نواز صاحبہ نے کھل کر شہباز شریف صاحب و دیگر کے آئی ایس آئی میس میں ملاقات کیلئے جانے کی مخالفت کر دی، ن لیگ آفیشل اکائونٹ سے ٹویٹ جبکہ احسن اقبال صاحب نے کل ہی ہمارے پروگرام میں کہا کہ اِس میں کوئی حرج نہیں، پوری دنیا میں ہوتا ہے"۔
غریدہ فاروقی کی اس ٹوئیٹ پر مریم نواز نے لکھا کہ " زیادہ چالاک نہ بنواور گندا کھیل نہ کھیلیں، میں نے ایک اصولی بیان دیا جو اس تناظر میں ہے جو ہمارا آئین کہتا ہے ، ایسا تاثر نہ دیں کہ یہ ہماری پارٹی کے صدر یا کسی اور مخصوص رکن کیخلاف تھا۔
مریم نواز نے ٹوئیٹ کی تو اس پر غریدہ فاروقی نے بھی شاید برا منایا اور سلسلہ وارٹوئیٹس میں سوال اٹھایا کہ "چالاکی؟ ایک صحافی سے؟ مہربانی کرکے وہ بتانے پر جو حقائق کہتے ہیں، صحافیوں کو نشانہ نہ بنائیں، نہیں مریم صاحبہ، یہ بالکل وہی ہے جو مجموعی طورپرآپ کا بیان کہتا ہے ، آپ سے تمام اور ہرایک کے بارے میں پوچھا گیا تھا اور آپ کا جواب بھی مسلم لیگ ن کے اراکین سمیت ہر ایک کے بارے میں تھا"۔
ایک اور ٹوئیٹ میں غریدہ نے لکھا کہ " محترمہ مریم صاحبہ، پھر میں آپ سے ایک سوال پوچھتی ہوں، کیا آپ کے خیال میں آپ کی پارٹی کے صدر اور دیگر مسلم لیگ ن کے رہنمائوں نے گلگت بلتستان کے معاملے پر میٹنگ کیلئے آئی ایس آئی میس میں جا کر ٹھیک کیا؟ امید ہے کہ مجھے اپنے سوال کا جواب ملے گا اور اسے گندے کھیل کی طرح قرار نہیں دیا جائے گا"۔