نیوزی لینڈ ٹیم کا دورہ منسوخ ،حکومت نےبھارتی سازش کےشواہد آئی سی سی اورتمام عالمی فورمز کے سامنے رکھنے کا اعلان کردیا 

نیوزی لینڈ ٹیم کا دورہ منسوخ ،حکومت نےبھارتی سازش کےشواہد آئی سی سی اورتمام ...
نیوزی لینڈ ٹیم کا دورہ منسوخ ،حکومت نےبھارتی سازش کےشواہد آئی سی سی اورتمام عالمی فورمز کے سامنے رکھنے کا اعلان کردیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو ففتھ جنریشن وار فیئر کا سامنا ہے، ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی سےپاکستان کا دنیا بھر میں مثبت تشخص اجاگر ہو رہا ہے، بھارت کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی،اسلئے اب وہ پاکستان میں کرکٹ کے خلاف بھی سازشیں کر رہا ہے،بھارت کی جانب سےہی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کوجعلی آئی ڈی کےذریعےسیکیورٹی کے حوالے سے غلط اطلاع دی گئی، ہمارے پاس تمام شواہدموجود ہیں جوانٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)سمیت تمام بین الاقوامی فورمز کےسامنےرکھیں گے،اپوزیشن جماعتوں سےدرخواست ہےکہ وہ اس ایشوپر سیاست کرنے کی بجائے حکومت کے ساتھ مل کر ففتھ جنریشن وار کا مقابلہ کریں۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےفرخ حبیب نے کہا کہ چند ماہ قبل ای یو ڈس انفولیب کی رپورٹ میں 750 کے قریب بھارت کی جعلی ویب سائٹس کا انکشاف ہوا تھا، ان جعلی ویب سائٹس کے ذریعے بھارت پاکستان کے خلاف مواد شیئر کرتا اور پھر جعلی فیس بک اور ٹویٹر اکاؤنٹس بنا کر انہیں وائرل کرتا رہا ہے، پاکستان پہلے بھی بھارتی سازشوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ اسی طرح جب تحریک لبیک پاکستان کا ملک میں مظاہرہ چل رہا تھا اور احمدآباد بھارت سے ایک ہی دن میں ہزاروں ٹویٹس کی گئیں جن میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ پاکستان میں خانہ جنگی کی صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جعلی آئی ڈی بنا کر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی کے حوالے سے غلط اطلاع دی، بھارت نے پہلے احسان اللہ احسان کے نام سے جعلی فیس بک آئی ڈی بنا کر نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو جعلی ای میل کے ذریعے دھمکی دی اور اس کے بعد حمزہ آفریدی کی جعلی آئی ڈی سے انٹرپول ویلنگٹن کو اسی طرح کی دھمکی دی گئی، قومی اداروں نے بھارتی سازش کے تمام شواہد جمع کر لئے ہیں جو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سمیت تمام بین الاقوامی فورمز کے سامنے رکھیں گے۔