بادامی باغ، انار کلی سمیت مختلف مقاما ت پر پارکنگ پلازے بنائیں جائینگے: پرویز الٰہی
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے پاکستان آٹو موبائل سپیئرپارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی - وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ناصر حمید خان اور پیٹرن انچیف محمد عابد حمید خان کر رہے تھے -وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا اعلان کیا اور کہاکہ لاہور میں بادامی باغ، انارکلی سمیت مختلف مقامات پر پارکنگ پلازے بنائے جائیں گے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ایشیا کی سب بڑی آٹو مارکیٹ کو سہولتوں کے حوالے سے ماڈل مارکیٹ بنایا جائے گا۔ پرویزالٰہی وزیر اعلی آفس سے واپسی پر اچانک شاہ جمال پہنچ گئے اور شاہ جمال میں انسداد ڈینگی مہم کا جائزہ لیااور سرویلنس ٹیموں کی انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو چیک کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے انسداد ڈینگی اقدامات سے آگاہی کے لئے لوگوں میں پمفلٹ تقسیم کیے۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے ڈینگی لاروا برآمد ہونے والے گھروں کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کو ایک گھر سے برآمد ہونے والا لاروا دکھایا گیا۔ چودھری پرویز الٰہی اورسابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں ہنگری کے سفیر بیلہ فازیکس نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا اور زراعت،ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اورواٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں ایم پی اے سعید احمد سیدی،سابق ایم این چودھری اشفاق اور چیف ایگزیکٹو آفیسر چن ون کاشف اشفاق نے ملاقات کی۔ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں اورعمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے جامع ایکشن پلان بنایا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب صاحبزادہ حامد رضا نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے صاحبزادہ حامد رضاکیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور متحدہ علماء بورڈ کو احسن طریقے سے چلانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ استحکام پاکستان میں علماء کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔قوم کو متحد رکھنے کیلئے علماء کرام کا کردارنہایت اہم ہے۔
پرویز الٰہی