اقوام متحدہ محکوم قوموں کو انصاف دلائے، محمد فائق شاہ
پشاور (سٹی رپورٹر)چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ایک پیغام میں مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ محکوم اور مظلوم اقوام کو انصاف دلانے، اقوام عالم کی بے حسی، ترقی یافتہ ممالک کی اجارہ داری اور سیاست کی وجہ سے اپنا وقار اور کردار کھو رہی ہے، 75 سال سے کشمیری انصاف، استصواب رائے اور آزادی کے منتظر ہیں کیا دنیا آخری کشمیری کے قتل کی منتظر ہے؟ تین نسلیں قربان ہو چکیں ہیں، خواتین، بچے، جوان اور بزرگ بھارتی فوج اور حکومت کی دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں، شہدا کے قبرستان آزادی کی تحریک کے گواہ ہیں، لاکھوں خواتین کی قربانی ثبوت ہے، نو لاکھ بھارتی فوج بندوق تان کر ہر کشمیری کے سامنے کھڑے ہیں، کیا آزادی کی تحریک کیلئے یہ جبر کافی نہیں ہے؟ امریکہ، برطانیہ اور سعودی عرب خصوصی کردار ادا کریں، فلسطین اور افغانستان کے المیے بھی ختم کریں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جارحانہ خارجہ پالیسی حکومت کی ذمہ داری ہے، آج یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، سید علی گیلانی اور کئی رہنما قید و بند میں نیلسن منڈیلا کا ریکارڈ توڑ چکے ہیں، اقوام متحدہ اور او آئی سی مشترکہ کوششوں سے ان کو انصاف دلائیں ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں جب تک آزادی کا سورج روشن نہیں ہوتا یہ ساتھ جاری رہے گا۔