یورپی یونین صدر کی شہباز شریف سے ملاقات، سیلاب متاثرین کی مزید امداد کا وعدہ

یورپی یونین صدر کی شہباز شریف سے ملاقات، سیلاب متاثرین کی مزید امداد کا وعدہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) صدر یورپی یونین کمیشن ارسلا وان ڈیر لیین نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے آئندہ ہفتوں میں مزید انسانی امداد کا وعدہ کیا ہے۔ارسلا وان ڈیر لیین نے نیویارک میں یونائیٹڈ نیشنل جنرل اسمبلی (یو این جی اے)کے 77ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور ملک میں تباہ کن سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سیلاب سے بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصانات پر روشنی ڈالی۔تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں 14 جون سے اب تک ایک ہزار 576 افراد جاں بحق اور 3 کروڑ 30 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں، فصلیں، مویشی، پل اور سڑکیں زیر آب آچکے ہیں اور ملک کو تقریبا 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔ملاقات کے بعد وان ڈیر لیین نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ انہوں نے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف سے دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ہم پاکستان کے عوام کی مدد کے لیے آئندہ ہفتوں میں مزید انسانی امداد کے ساتھ تعاون کو آگے بڑھائیں گے۔دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جو بائیڈن کا پاکستان میں سیلاب متاثرین کی حالت زار کو اجاگر کرنے اور دنیا سے فوری تعاون کی اپیل کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ سیلاب زدگان کی جانب سے مدد کی اپیلوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جوبائیڈن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم شہباز شریف نے لکھا کہ سیلاب زدگان کی حالت زار کو اجاگر کرنے پر امریکی صدر کا مشکور ہوں، جوبائیڈن نے دنیا سے سیلاب متاثرین کے لئے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ میرا ملک پاکستان اس وقت شدید سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہا ہے جبکہ سیلاب میں پھنسے ہوئے خواتین اور بچوں کی فریاد پر اقوام متحدہ کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ کہنا ہے کہ دکھی انسانیت کے لیے انجلینا جولی اور دیگر کی ہمدردی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے لکھا کہ اقوام متحدہ کی خصوصی مندوب انجلینا جولی اور دیگر کے مشکور ہیں، ہالی ووڈ اداکارہ اور دیگر گمنام ہیروز سیلاب کے دوران ان لاکھوں لوگوں کی آواز بنے جن کی زندگیاں اور ذریعہ معاش تباہ ہو چکے ہیں۔اس سے قبل انجلینا جولی نے گزشتہ روز نیشنل فلڈ رسپانس کو آرڈینیشن سینٹر کے دورے کے دوران کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ہر جگہ پاکستانی فوج کو عوام کی مدد کرتے اور زندگیاں بچاتے دیکھا،آنے والے ہفتوں میں بھرپور مدد نہ پہنچی تو بچنے والے بھی نہیں بچیں گے۔اداکارہ نے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ جہاں بھی گئیں،ہر جگہ پاکستانی فوج کو عوام کی مدد کرتے اور زندگیاں بچاتے دیکھا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف (آج)جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس سے خطاب کرینگے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم ماحولیاتی تبدیلی کے باعث آنے والے حالیہ تباہ کن سیلابوں کے تناظر میں پاکستان کو درپیش چیلنج کو عالمی فورم پر اجاگر کرکے ماحولیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے خطرے سے اجتماعی طور پر نمٹنے کیلئے ٹھوس تجاویز کا خاکہ پیش کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف عالمی رہنماؤں کو مسئلہ کشمیر سمیت تشویش کے علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے موقف اور نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔
شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -