متاثرہ افراد کو طبی سہولیات فراہم کرنا ہمارا مشن ہے ڈاکٹر روبینہ بشیر

متاثرہ افراد کو طبی سہولیات فراہم کرنا ہمارا مشن ہے ڈاکٹر روبینہ بشیر

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سیلاب سے متاثرہ افراد کو طبی سہولیات فراہم کرنا ہمارا مشن ہے یہ بات میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال ڈاکٹر روبینہ بشیر نے سول ہسپتال کراچی کے تحت ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف سندھ کے اشتراک سے قائم فری میڈیکل کیمپ کے موقع پر کہی اس موقع پر کیمپ انچارج  ڈاکٹر شکیل احمد صدیقی،پریذیڈینٹ پیرا میڈیکل کراچی ڈیژن نیاز احمد خاصخیلی اور دیگر بھی موجود تھے ڈاکٹر روبینہ بشیر نے کہا کہ سول ہسپتال نے سیلاب متاثرین کے ریلیف کیمپوں میں فری میڈیکل ایڈ فراہم کی ہے جس میں عورتوں،بچوں اور بوڑھے افراد کو ڈینگی،ملیریا،ڈائریا گیسٹرو اور جلدی بیماریوں کے ٹیسٹ اور ادویات فراہم کی گئیں چونکہ کراچی میں آنے والے سیلاب زدگان کی بہت بڑی تعداد مختلف وبائی امراض میں مبتلا ہیں جنہیں فوری طبی امداد اور علاج کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ فری میڈیکل کیمپ کا مقصد ایسے تمام سیلاب متاثرین کوطبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ علاج کی بہترین سہولیات دینا ہے ڈاکٹر روبینہ بشیر نے کہا کہ سیلاب نے کروڑوں افراد کو معاشی طور پر تباہ کردیا ہے نہ ان کے پا س رہنے کے لئے گھر ہیں اور نہ کھانے کے لئے اناج جس کی وجہ سے وہ مشکلات کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے سب سے زیادہ بچے اور خواتین متاثر ہوئے ہیں اور ان کا تمام اثاثہ سیلاب کی نظر ہو گیا ہے سیلاب زدگان کو بیماریوں سے بچانا ہے تا کہ وہ صحت مند زندگی گزار سکیں ڈاکٹر روبینہ بشیر نے کہاکہ لا تعداد سیلاب متاثرین بچے اور خواتین مختلف وبائی امراض کا شکار ہیں جبکہ بہت سے بچے اور خواتین وبائی امراض میں مبتلا ہو کر انتقال کر چکے ہیں اس موقع پر کیمپ انچارج ڈاکٹر شکیل احمد صدیقی نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف تندہی کے ساتھ نہ صرف سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مریضوں کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں بلکہ کراچی کے علاوہ جہاں جہاں سیلاب متاثرین کے ریلیف کیمپ لگائے گئے ہیں وہاں پر بھی اپنی مفت خدمات پیش کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ماحولیاتی تبدیلوں کے نتیجے میں 2022کا بدترین سیلاب ہے جس کی وجہ سے نہ صرف ہزاروں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے بلکہ لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی سیلاب کی نظر ہو گئیں مگر اس کے با وجود متاثرین کا حوصلہ پست نہیں ہے وہ انشااللہ بہت جلد اپنے گھروں کوواپس جائیں گے اور نئے سرے سے زندگی کی شروعات کریں گے ڈاکٹر شکیل احمد صدیقی نے کہا کہ مہنگائی کے با وجود مخیر افراد سیلاب زدگان کی مدد کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں انشااللہ بہت جلد ملک سے بیماریوں کا خاتمہ ہوگا اور سیلاب متاثرین تندرست اور صحت مند ہو کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -