مہنگائی سے قوم کا کچو مرنکل گیا ، احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے ، سراج الحق 

مہنگائی سے قوم کا کچو مرنکل گیا ، احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے ، سراج الحق 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  

لاہور( این این آئی)امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کےخلاف احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے، لاہور گورنرہاﺅس کے بعد کوئٹہ گورنر ہاﺅس کے باہر دھرنے کا آغاز ہوگا،گزشتہ پانچ برس تباہی آئی ، مافیا نے مال بنایا اورقوم کا کچومر نکل گیا،لوگ مہنگائی، بےروزگاری سے نفسیاتی مریض بن گئے،جن پارٹیوں نے مہنگا ئی کےخلاف جلوس نکالے وہ اپنی حکومت کے 16 ماہ کے دوران گرانی میں سو فیصد اضافہ کرگئے،نگران حکومت سے مطالبہ ہے کہ بجلی بلوں میںشامل بے جاٹیکسز ختم کیے جائیں، بجلی چوری اورحکمران اشرافیہ کی مفت خوری بند کی جائے، آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کی جائے، معاہدوں کے ذمہ داران قوم کے مجرم ، ان کا احتساب ہو، ملک میں لاکھوں میگاواٹ سستی بجلی پیدا کرنے کے وسائل موجود ، سابقہ حکومتوں نے ملک و قوم دشمنی کا ثبوت دیا اور درآمدی فیول کے کارخانے لگوائے گئے، کمیشن اور کرپشن نے توانائی کا پورا سیکٹر تباہ کردیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاﺅس کے سامنے دھرنے کے دوسرے روز شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، سیکرٹری اطلا عات قیصر شریف، ڈپٹی سےکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن،اےم اےن اے عبد الاکبر چترالی،امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری،امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ، نائب امیر لاہور ذکراللہ مجاہد، مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس اور دیگر قائدین بھی دھرنے میں شریک تھے۔اس موقع پر بانی جماعت سید مودودیؒ کی یوم وفات کی مناسبت سے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔احتجاج میں عوام کی بڑی تعداد شرکت کررہی ہے۔سراج الحق نے کہا جماعت اسلامی نے دو ستمبر کی ملک گیر شٹر ڈاﺅن ہڑتال کے بعد جنوبی پنجاب سے مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کےخلاف احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا تھا۔ لیہ، مظفرگڑھ ،رحیم یارخا ن ،راولپنڈی اور فیصل آباد میں جلسوں کے بعد پشاور گورنر ہاﺅس کے باہر تین دن دھرنا دیا گیا اورا ب لاہور کا دھرنا جاری ہے۔ ملک میں نظام نہیں چہرے بدلتے ہیں، فرسودہ سسٹم کا ایک چوکیدار تھک جائے یا بے توقیر ہوجائے تو دوسرا آجاتا ہے،سب سٹیٹس کو کے تحفظ پر مامور ہیں ۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ، قوانین انگریزوں کے چل رہے ہیں۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -