ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک، نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں سیمینار
ملتان(وقائع نگار)ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک" کے حوالے سے گزشتہ روز حیات ظفر آڈیٹوریم نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔یونیسیف اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے اشتراک سے منعقدہ اس سیمینار کی مہمان خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری سپیشلائزڈ (بقیہ نمبر73صفحہ7پر )
ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سعدیہ مہر تھی جبکہ چیف آرگنائزر پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی و چیئرپرسن شعبہ امراض نسواں نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی تھی۔ ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک 2023 "آئیے کام پر، کام پر ماں کا دودھ پلائیں" کی تھیم کے تحت منایا جا رھا ہے۔ نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے اس سیمینار میں پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، ڈاکٹر اعظم خان، ڈاکٹر سیدہ علی، ڈاکٹر صائمہ اشرف، ڈاکٹر نصرت بزدار اور ڈاکٹر ماریہ سلیم نے صحت مند بچے کے لیے ماں کا دودھ پلانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ سعدیہ مہر نے اپنے خطاب میں ورک پلیس پر خواتین کو سازگار ماحول فراہم کرنے اور ان کے احترام کو ہر صورت مقدم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ساتھ پنجاب ڈاکٹر مہر اقبال نے بھی شرکا سے خطاب کیا اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر نادیہ تاج اور ڈاکٹر عمارہ سحر نے ادا کیے۔ تقریب میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران سمیت ڈاکٹرز، نرسز اور پوسٹ گریجویٹ سٹوڈنٹس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار کے اختتام پر ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ سعدیہ مہر نے منتظمین اور مقررین میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔
