لاہور: پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں کرپشن کا سکینڈل،لیڈی ہیڈ محرر سمیت 4 اہلکار معطل

Sep 23, 2024 | 04:47 PM

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ لاہور میں کرپشن کا سکینڈل سامنے آنے پر لیڈی ہیڈ محرر اور نائب محرر سمیت 4 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ہیڈ محرر اقصیٰ عزیز اور نائب محرر کرن جمال ماہانہ رقم لے کر 24 لیڈی کانسٹیبلز کی حاضریاں لگا رہی تھیں جبکہ دونوں کے علاوہ مزید 2 آفیسرز بھی اپنا حصہ وصول کرتے ہیں۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے ہیڈ محرر اور نائب محرر حاضری لگانے کے پیسے لے رہی ہیں، ایک لیڈی ہیڈ کانسٹیبل سے 25 ہزار روپے ماہانہ لئے جاتے تھے جو مجموعی طور پر 6 لاکھ روپے ماہانہ بنتے ہیں ، رقم چار افراد میں تقسیم ہوتی تھی۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ خاتون ہیڈ محرر اور نائب محرر انسپکٹر کو بھی حصہ دیتی ہیں جبکہ ایس پی ہیڈ کوارٹر کا پی اے بھی ان خواتین محرر سے ماہانہ حصہ لیتا ہے۔
ایس پی ہیڈکوارٹر زنیر چیمہ نے اطلاع ملنے پر لیڈی ہیڈ محرر اقصیٰ عزیز اور لیڈی نائب محرر کرن جمال کو معطل کر دیا جبکہ لائن انسپکٹر فرحت لبنیٰ اور ریڈر عامر کو عہدے سے ہٹا دیا، آپریٹر کانسٹیبل عرفان کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
زنیر چیمہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کرپشن میں ملوث تمام اہلکاروں اور ماتحت افسران کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ 

مزیدخبریں