اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) 30 ستمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔
"سٹی 42 نیوز" کے مطابق پٹرول، ڈیزل اور کیروسین آئل کی قیمت میں نمایاں کمی ہونے کی اعلیٰ ترین سرکاری سطح پر تصدیق ہو گئی۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا ہے کہ افراط زر میں نمایاں کمی کے بعد اب افراطِ زر سنگل ڈیجٹ میں آ گئی ہے جس کے سبب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو گئی۔
دوسری طرف انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان اب بھی جاری ہے۔منگل کو کمزور عالمی طلب کے خدشات سامنے آنے کے سبب خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی آ گئی ہے۔نومبر کے لیے برینٹ کروڈ آئل کے سودے 48 سینٹ کمی کے ساتھ 72.27 ڈالر جبکہ امریکی کروڈ آئل کی اکتوبر کے لیے قیمت میں بھی 37 سینٹ کی کمی ہو گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں حالیہ کمی کا تعلق چین میں ایندھن کی طلب میں معمولی کمی کے ساتھ برآمدی مارجن میں کمی سے ہے۔ اس رجحان کے آئندہ کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔