دنیش چندیمل کو ٹی 20 کی کپتانی سے فارغ ‘لاستھ مالنگا نئے کپتان مقرر
ڈھاکہ (اے پی پی) سری لنکا کے مایہ ناز فاسٹ باﺅلر لاستھ مالنگا کو دنیش چندیمل کی جگہ ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا۔ لاہیرو تھریمانے ان کے نائب کی حیثیت سے ذمہ داری نبھائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی نے دنیش چندیمل کو ٹی 20 کی کپتانی اور ون ڈے کی نائب کپتانی سے ہٹا دیا ہے۔ ناقص کارکردگی ان کی برطرفی کا سبب بنی۔ دنیش چندیمل نے 20 اننگز میں محض 13.30 کی اوسط سے رنز سکور کئے۔ بری پرفارمنس کی وجہ سے وہ ورلڈ ٹی 20 کے سیمی فائنل اور فائنل سے دستبردار ہوگئے تھے، ان کی جگہ لاستھ مالنگا نے کپتانی کے فرائض انجام دیئے اور سری لنکا کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ سلیکٹرز نے لاستھ مالنگا کو مارچ 2015 تک ٹی 20 کا کپتان مقرر کر دیا ہے جبکہ لاہیرو تھریمانے کو ٹی 20 اور ون ڈے کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔