ساتویں انڈین پریمیئر لیگ میں (آج) ایک اور (کل) دو میچ کھیلے جائینگے

ساتویں انڈین پریمیئر لیگ میں (آج) ایک اور (کل) دو میچ کھیلے جائینگے

  

دبئی (اے پی پی) انڈین پریمیئر لیگ میں (آج) جمعرات کو ایک اور (کل) جمعہ کو دو میچ کھیلے جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے متحدہ عرب امارات میں جاری ہیں۔ ایونٹ میں (آج) جمعرات کو مزید ایک اور میچ کھیلا جائیگا جس میں رائل چیلنجرز بنگلور اور کولکتہ نائٹ رائیڈرزکی ٹیمیں شارجہ کرکٹ سٹیڈیم، شارجہ میں آمنے سامنے ہوں گی، یہ میچ بھی ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ میگا ایونٹ میں (کل) جمعہ کو مزید دو میچ کھیلے جائینگے، جس کے پہلے میچ میں سن رائزرز حیدرآباد اور دہلی ڈیئر ڈیولز کی ٹیمیں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پنجہ آزما ہونگی۔

 یہ میچ ڈے ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں چنائی سپر کنگز اور ممبئی انڈینز کی ٹیمیں اسی مقام پر آمنے سامنے ہونگی۔ یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ مختصر فارمیٹ کے ایونٹ میں شامل 8 ٹیمیں جن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز، دہلی ڈیئر ڈیولز، کنگز الیون پنجاب، سن رائزرز حیدرآباد، ممبئی انڈینز، راجستھان رائلز، چنائی سپر کنگز اور رائل چیلنجرز بنگلور ٹائٹل کے حصول کے لیے پنجہ آزما ہیں۔ واضح رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ممبئی انڈینز کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کر رہی ہے۔ ایونٹ کا فائنل یکم جون کو کھیلا جائے گا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -