پاکستان سپورٹس بورڈ نے پی ایچ ایف کو سالانہ گرانٹ کی ماہ کی رقم جاری کر دی
لاہور ( سپورٹس رپورٹر )پاکستان سپورٹس بورڈ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات کو تسلیم کرتے ہوئے اسے سالانہ گرانٹ کی 6 ماہ کی رقم جاری کردی ، اس طرح سابق ہاکی اولمپئینز کے ایک گروپ کی جانب سے اسے حکومتی سطح پر تسلیم نہ کئے جانے کی باتیں دم توڑ گئیں۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اس حوالے سے اپنی رپورٹ بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزارت کو بھی بھیج دی ہے۔ملک میں موجود سرکاری اور انٹر نیشنل اولمپک کمیٹی سے الحاق شدہ پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن نے بھی پاکستان ہاکی فیڈریشن کو تسلیم کر لیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات میں سابق قومی کپتان اختر رسول صدر اور رانا مجاہد علی خان سکریٹری منتخب ہوئے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام نے پچھلے دنوں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے حکام سے ملاقات کی تھی اور انہیں اپنے انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیٹی کی جامع رپورٹ پیش کی تھی جس میں چیف الیکشن کمشنر نے انتخابات کو شفاف اور غیر جانب دارانہ قرار دیا تھا۔ پاکستان اسپورٹس بورد کے حکام نے اس رپورٹ کو درست قرار دیتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدے داروں کو تسلیم کر لیا اور انہیں سالانہ گرانٹ کی رکی ہوئی چھ ماہ کی گرانٹ جاری کردی۔