سری لنکا:برطانوی خاتون کو بازوں پر گوتم بدھ کا ٹیٹو بنوانے پر ملک بدر کرنےکا حکم
کولمبو (این این آئی)سری لنکا کے حکام نے ایک برطانوی سیاح خاتون کو اپنے بازوں پر بودھ مذہب کے بانی گوتم بدھ کا ٹیٹو بنوانے پر ملک بدر کرنے کا حکم دیا ہے۔ بھارت سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے ہوائی اڈے پر پہنچنے والی ناومی مائیکل کولمین کے دائیں بازو پر کنول کے پھول پر بیٹھے بدھا کا ٹیٹو دیکھے جانے پر انہیں فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔حکام نے بتایا کہ ان کے اس عمل سے دوسروں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے۔برطانوی خاتون کو واپس بھیجے جانے تک تارکین وطن حراستی مرکز میں رکھا گیا ۔سری لنکا میں ایک بودھ مذہب کے پیروکاروں کی اکثریت ہے یہاں بدھا کی تصاویر کے حوالے سے خاص طور پر کافی حساس رویہ اپنایا جاتا رہا ہے۔
کولمبو میں برطانوی ہائی کمیشن سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایاکہ ہمیں تازہ معاملے کی معلومات ہے اور ہم ضروری مدد فراہم کر رہے ہیں۔برطانوی سیاح کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال پر حیران ہے۔ وہ حکام سے مسلسل اصرار کرتی رہیں کہ وہ خود بدھ مت کی ماننے والی ہیں اور بدھ کے احترام ظاہر کرتے ہوئے ہی وہ ٹیٹو بنوایا تھا۔ ہوائی اڈے پر سب کچھ ٹھیک تھا تاہم باہر آنے پر ایک ٹیکسی ڈرائیور نے انہیں بتایا کہ ان کے بازوں پر بنا بدھا کا ٹیٹو انتہائی سنگین مسئلہ ہے پھر سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار انہیں پولیس سٹیشن لے گیا۔انہوں نے کہاکہ سری لنکن حکام نے ان کا موقف جاننے کی کوشش نہیں کی اور انہیں ملک بدر کرنے کا حکم سنا دیا۔