علامہ اقبال نے اخوت ، محبت اور اسلام کا حقیقی تصور پیش کیا ، حکیم اعجاز فاروقی

علامہ اقبال نے اخوت ، محبت اور اسلام کا حقیقی تصور پیش کیا ، حکیم اعجاز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور ( پ ر)شاعر مشرق حکیم الامت علامہ محمد اقبال نے قوم کو احترام آدمیت ، اخوت اور محبت کا درس دیا انہوں نے اسلام کا حقیقی تصور لوگوں کے سامنے رکھا اور یورپی تہذیب کو بالکل رد کردیا - یہ باتیں بزمِ قرشی پاکستان کے زیر اہتمام علامہ اقبال ؒ کے 76 ویں یوم ِ وفات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بزم ِ قرشی پاکستان کے چیئرمین پروفیسر حکیم محمد اعجاز فاروقی نے کہیں - انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اسلام کا بڑی گہرائی سے مطالعہ کیا اور اسلام کے سنہری اصولوں کو اپنانے پر زور دیا - انہوں نے فرنگی جمہوریت کی نفی کرتے ہوئے اسلام کے شورائی نظام کو ملک میں رائج کرنے پر زور دیا - انہوں نے کہا کہ فرنگی جمہوریت کے دعوےداروں میں سے کوئی ایک بھی انسانیت کو ذلت و رسوائی کے گڑھوں میں سے نکال کر عزت و وقار اور احترام آدمیت کے بلند مقام پر فائز کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا -



آج انسانیت خوف و ہراس میں سسک رہی ہے سپر طاقتوں کی باہمی کشمکش نے امن عالم کا سکون غارت کردیا ہے - آج ہر شخص امن و سکون کا متلاشی ہے بے حسی اور اضطرابی کیفیت سے باہر نکلنا چاہتا ہے -

ظلم و ستم اور جبرو استبداد کے بجائے عدل و انصاف کا بول بالا چاہتا ہے تو اسے پیغمبر امن و سلامتی حضور ﷺ کے وضع کردہ نظام امن و سلامتی پر عمل کرنا ہو گا - تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکیم محمد احمد سلیمی ، حکیم محمد افضل میو ، حکیم احمد حسن نوری ، حکیم حامد محمود اور حکیم غلام مرتضی مجاہد نے علامہ اقبال کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس پر فتن دور میں علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں ہمیں اپنے فکرو عمل کو سنوارنا ہو گا - اور پوری مسلم امہ کو متحد ہو کر دشمنوں کا مقابلہ کرنا ہو گا -