اندراج مقدمہ کی درخواست پر ایس ایچ او تھانہ ہربنس پورہ سے جواب طلب
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج صفدر علی بھٹی نے ڈائریکٹر انفورسمنٹ اینڈ مینجمنٹ رنگ روڈ اتھارٹی لاہور کرنل (ر) عالم خان کے خلاف دائر اندراج مقدمہ کی درخواست پر ایس ایچ او تھانہ ہربنس پورہ سے 26اپریل کو جواب طلب کرلیا ہے واضح رہے کہ اس سے قبل مذکورہ درخواست کی سماعت سے ایڈیشنل سیشن جج طارق محمود ضرغام نے معذرت کرلی تھی گزشتہ روز سائل ملک زاہد نے ایڈووکیٹ مدثر چودھری اورارشاد گجر کی وساطت سے عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ہربنس پورہ کے قریب اسکا ساڑھے 3مرلے کا پلاٹ ہے جہاں تعمیراتی کام کرنے سے سائل کو مذکورہ ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے منع کردیا جس پر سائل نے عدالت سے 18مارچ کو حکم امتناہی حاصل کیا اور پلاٹ کی چاردیواری شروع کردی تھی 28مارچ کو سائل کا کزن خرم طفیل پلاٹ پر موجود تھا کہ مذکورہ ڈائریکٹر کی ایماءپر شبیر اورلیاقت وغیرہ نے وہاں پر مزدوروں کو زدوکوب کیا ، 10سیمنٹ کی بوریاں اٹھاکر لے گئے جس پر سائل اپنے دیگر وکلاءبھائیوں کے ہمراہ ڈائریکٹر انفوسمنٹ کے دفتر گیا جہاں پر انہوں نے سائل کو جان سے مارنے کے دھمکیاں دیں اور وکالت کے پیشے کے بارے میں بھی نازیبا الفاظ استعمال کئے ۔لہذا عدالت قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دے جس پرفاضل جج نے مذکورہ بالا احکامات جاری کردئیے ہیں۔