کینسر کیئر ہسپتال وریسرچ سنٹر کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا

کینسر کیئر ہسپتال وریسرچ سنٹر کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(جنرل رپورٹر)کینسر کئیر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر کے تعمیراتی کام کا آغازکردیا گیا اس سلسلے میں کینسر کئیر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر نے گزشتہ روزباضابطہ طور پر کینسر ہسپتال کے محل وقوع کی تفصیلات جاری کردی ہیں جو کہ سنٹر بانی سربراہ ملک کے معروف ماہر امراض کینسر پروفیسر ڈاکٹر شہریار نے پروفیسر مجید چودھری کے ہمراہ کیں کیں۔انہوں نے بتایا کہ کینسر کئیر ہسپتال ٹھوکر نیاز بیگ سے رائیونڈ کی طرف 23کلومیٹر کی دوری پر واقعہ ہے ۔ یہ پاجیاں چوک سے اجتماع کو جانے والی سڑک کے بائیں ہاتھ پر 2کلومیٹر کے فاصلے پر ہے ۔ کینسر کئیر ہسپتال کی تعمیر کے لئے 23ایکڑ اراضی حاصل کی گئی ہے جہاں 400بستروں پر مشتمل ملک کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال تعمیر کیا جارہا ہے۔ اس ہسپتال کی تعمیر مرحلہ وار ہوگی۔پہلے مرحلے میں 60بستروں پر مشتمل Palliaitve Care Ward سب سے پہلے شروع کیا جائے گا اور یہ پاکستان کا پہلا Palliaitve Care Ward ہوگا جہاں کینسر کے ایڈوانس سٹیج کے مریضوں کا علامتی علاج کیا جائے گا اور کینسر کے درد سے نجات دلائی جائے گی اور باقی تمام تر تکلیف کا بھی ازالہ کیا جائے گاتاکہ وہ اپنی زندگی کے بقا یا ماہ و سال بغیر تکلیف کے گزار سکیں۔ ڈاکٹر ریاض الرحمن آسٹریلیا سے اس کی ٹریننگ لے کر Palliaitve Care Ward کے انتظام کے لئے واپس آچکے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکہ سے آنے والی WHO ایکسپرٹ Pamela Sutton نے لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں اس علاج کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔دوسرے مرحلے پر ایک باقاعدہ آؤٹ ڈور کا انتظام کیا جائے گا۔ مریضوں کی فوری تشخیص ۵اور فری ٹیسٹ کئے جائیں گے۔ 120 بستروں پر مشتمل 2کینسر وارڈ مریضوں کے داخلے کے لئے تعمیر کئے جائیں گے۔انتقال خون کی سروس جدید لیبارٹری اور Diagnostic سنٹر بنایا جائے گا۔تیسرے مرحلے میں ہسپتال کی توسیع کی جائے گی ۔ چھوٹے شہروں اور شہر کے مختلف علاقوں میں کینسر کی تشخیص کے مراکز قائم کئے جائیں گے۔ کینسر ریسرچ کا مکمل انتظام اور معیار مقرر کیا جائے گا جہاں علاج جدید آلات اور جدید تابکاری مشینوں سے کیا جائے گا۔چوتھے مرحلے میں Bone Marrow Transplant کی سہولیات مہیا کی جائیں گی ۔ ہسپتال انتظامیہ نے مذید بتایا ہے کہ پہلے مرحلے کی تکمیل کے لئے 80کڑوڑ کے فنڈز درکار ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہم ستمبر تک اس کو مکمل کر سکیں گے۔ شہباز شریف نے بھی 40کڑوڑ کی گرانٹ کا وعدہ کر رکھا ہے۔ ملک کے نامور مخیر حضرات بھی اس کارِ خیر میں ہمارے ساتھ ہیں۔ آخر میں ہم عوام الناس اور عوام الخاص سے زکوۃ اور عطیات کی باقاعدہ اپیل کرتے ہیں کہ آئیے اپنے ہسپتال کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔