پنجاب حکومت ای لرننگ کے تحت ہر ضلع کے بڑے باغات میں ڈیجیٹل لائبریریاں قائم کریگی، رانا مشہود

پنجاب حکومت ای لرننگ کے تحت ہر ضلع کے بڑے باغات میں ڈیجیٹل لائبریریاں قائم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور( ایجوکیشن رپورٹر،اپنے نمائندے سے) حکومت پنجاب ای ۔لرننگ پراجیکٹ کے تحت صوبے میں ہر ضلع کے بڑے باغات میں ڈیجیٹل لائبریریزقائم کرے گی۔ اس پائلٹ پراجیکٹ کے پہلے مرحلے میں 20مختلف پارکس میں ایک ایک لائبریری بنائی جائے گی جن میں سے چار لائبریریاں لاہور ڈویژن میں جبکہ 16لائبریریاں صوبے کے باقی 8انتظامی ڈویژنز میں تعمیر کی جائیں گی۔دوسرے مرحلے میں پنجاب کے ہر ضلعی ہیڈ کوارٹرکے دو دو بڑے باغات میں ڈیجیٹل لائبریریز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔یہ بات وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے ’ورلڈ بکس اینڈ کاپی رائٹس ڈے‘‘ کے موقع پر قائد اعظم لائبریری باغ جناح لاہور میں سیمینار سے خطاب میں بتائی۔ پاکستان لائبریرینزایسوسی ایشن کے صدر اور چیف لائبریرین پنجاب یونیورسٹی لاہور چوہدری محمد حنیف، پنجاب لائبریرینزایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمدرمضان ، ڈائریکٹر جنرل لائبریریز پنجاب ڈاکٹر ظہیر احمد بابر ، ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن اسلام صدیق اور پنجاب یونیورسٹی لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس ایلومنائی ایسوسی ایشن(PULISAA) پولیسا کے عہدیداروں نے سیمینار میں شرکت کی۔وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ مسلمانوں نے اس وقت تک دنیا پر حکمرانی کی جب تک بغداد کے کتب خانے دنیا بھر کے علوم پر مبنی کتابوں کے خزانے سے بھرے ہوئے تھے۔ بغداد پر تاتاریوں کی یلغار کے بعد یہ کتب خانے برباد کردئیے گئے۔ آنے والے زمانے میں یورپی اقوام نے شعور کی منزلیں طے کرنے کا عزم کیاتو انہوں نے دنیا بھر سے علم کے ذخیرے اکٹھے کر کے یورپ میں منتقل کردئیے۔یہی وہ زمانہ تھا جب ہمارے خطے میں مغل شہنشاہ اپنی بیویوں کے مقبرے اور بڑی بڑی عمارتیں تعمیر کرا کر اپنا ذاتی جاہ وجلال اور حشمت دکھانے میں مشغول رہے۔ انگریزوں کے دور میں سرسید احمد خان نے اسلامیان ہند کو جگایا اور تحریک چلائی کہ مسلمان علم کی طرف آئیں تاکہ ہر شعبے میں مقام بنایا جاسکے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کی تحریک چلا کر مسلمانوں کی الگ علمی ، تہذیبی اور مذہبی شناخت کو اجاگر کیا اور ہمیں آزادی دلوائی۔ ہمیں ملک تو مل گیالیکن بانی پاکستان کا ویژن ان کی وفات کے ساتھ ہی ختم ہوگیا۔ وزیر تعلیم پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے موجودہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے ویژن کودوبارہ زندہ کیاہے