خود روزگار سکیم کے تحت ساڑھے پانچ ارب کے بلا سود قرضے تقسیم کئے ،مجتبیٰ شجاع

خود روزگار سکیم کے تحت ساڑھے پانچ ارب کے بلا سود قرضے تقسیم کئے ،مجتبیٰ شجاع

  

لاہور(کامرس رپورٹر) وزیرایکسائز وٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعلی خود روزگار سکیم کے تحت ساڑھے پانچ ارب کے بلا سود قرضے تقسیم کئے جا چکے ہیں جن سے ساڑھے تین لاکھ لوگ مستفید ہوئے ہیں اور سیکم کے تحت قرضوں کی واپسی سو فیصدہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ارب روپے کے مزید قرضے آئندہ پانچ سالوں میں میرٹ وشفافیت کی بنیاد پر دئیے جائیں گے جن سے 12 لاکھ لوگ مستفید ہوں گے۔پارٹی ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ خواتین آبادی کا 50 فیصد ہیں اور خواتین کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کئے بغیر خوشحالی کی منزل حاصل نہیں کی جا سکتی۔ اس لئے وزیراعلی خودروزگار سکیم کے تحت خواتین کو بھی بلا سود قرضے دئیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو 52 فیصد سے زائد وسائل دئیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو پوری طرح بروئے کار لا سکیں۔مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ حکومت پنجاب نے سرکاری ، خودمختار، ڈویلپمنٹ اور ریسرچ سنٹر زمیں خواتین کی نمائندگی کو لازمی قرار دے دیا ہے جس کے تحت 25ہزار خواتین کو نمائندگی کا حق حاصل ہوگااور اس کے لیے پنجاب اسمبلی سے قانون منظور کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے 50ہزار طلباء و طالبات کو وظائف دئیے جارہے ہیں جن میں 25ہزار طالبات ہیں جبکہ لیپ ٹاپ سکیم سے استفادہ کرنے والوں میں بھی 60فیصد طالبات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائرایجوکیشن میں خواتین کا تناسب بڑھانے کے لیے بہاولپور، ملتان، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں نئی ویمن یونیورسٹیاں بھی قائم کی جا رہی ہیں جبکہ خواتین کے اداروں کو خصوصی طورپر مالی گرانٹ فراہم کی جارہی ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -