گندم کی بین الاضلاعی نقل و حمل پر پابندی پر سختی سے عمل کیا جائے،رائے حیدر

گندم کی بین الاضلاعی نقل و حمل پر پابندی پر سختی سے عمل کیا جائے،رائے حیدر

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی برائے خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم رائے حیدر علی نے ہدایت کی ہے کہ گندم کی بین الاضلاعی نقل و حمل پر پابندی پر سختی سے عمل کیا جائے اور ضلع بہاول پور میں گندم خریداری کے سو فیصد ہدف کو حاصل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ وہ ڈی سی او آفس کمیٹی روم میں گندم خریداری مہم کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایم این اے بیگم پروین مسعود بھٹی، صبیحہ نذیر، ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی، ڈی سی او عمران سکندر بلوچ، ای ڈی او ایجوکیشن اشفاق گجر اور ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ عارف نذر نے شرکت کی ۔مشیر وزیر اعلیٰ رائے حیدر علی نے ہدایت کی کہ باردانہ کی تقسیم اور کسانوں کو رقم کی ادائیگی کے عمل کو شفاف بنایا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر انہیں رپورٹ ارسال کی جائے۔انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ گندم خریداری مراکز پر کسانوں اور کاشتکاروں کے لئے پینے کے ٹھنڈے پانی اور بیٹھنے کے لئے سایہ دار جگہ کا انتظام کیا جائے تاکہ کاشتکاروں کو مسائل کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے مراکز میں مطلوبہ باردانہ فراہم کر دیا گیا ہے اور اس بار کسی کاشتکار کو باردانہ کے حصول کے لئے کسی سے سفارش کرنے یا لائن میں کھڑا ہونے کی ضرورت نہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ فلور ملز پر کڑی نظر رکھی جائے اور اسٹاک سے زیادہ گندم نہ خرید کرنے دی جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں 50فیصد باردانہ کی تقسیم کی جا چکی ہے اور اس سلسلہ میں 13لاکھ سے زائد باردانہ کسانوں کو دے دیا گیا ہے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں 28سنٹرز پر گندم خریداری کا عمل جاری ہے اور 5مئی تک مقرر کردہ ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔بعد ازاں مشیر وزیر اعلیٰ رائے حیدر علی نے گندم خریداری مراکز 13سولنگ بنی شیل کا معائنہ کیا اور خریداری کے عمل کا جائزہ لیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -