ڈینگی سے ڈرنا نہیں اس کو بھگانا ہے، بابر حیات تارڑ

ڈینگی سے ڈرنا نہیں اس کو بھگانا ہے، بابر حیات تارڑ

  

لاہور(کامرس رپورٹر)ڈینگی سے ڈرنا نہیں اس کو بھگانا ہے۔ اس کا اظہار سیکرٹری کوآپریٹوز پنجاب بابر حیات تارڑ نے محکمہ امداد باہمی پنجاب کی جانب سے ٹیک کلب میں منعقدہ ایک روزہ ڈینگی تدارک ٹریننگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق اس موذی مرض کے خاتمہ کیلئے تمام اقدامات مکمل کریں اور اس مرض کا سر اٹھانے سے پہلے ہی خاتمہ کردیا جائے اس کیلئے ضروری ہے کہ وہ تمام اقدامات کیے جائیں جس سے اس خطرناک مچھر کا لاروا تلف کردیا جائے اور ایسا ماحول بنایا جائے کہ یہ مچھر پرورش نہ پاسکے۔ رجسٹرار کوآپریٹوز پنجاب ہارون رفیق نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی خاتمہ کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز میں کوآپریٹو ڈینگی پلان تیار کیا گیا ہے۔ جس میں انہیں سخت ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ اپنی اپنی سوسائٹیز میں ڈینگی آگاہی مہم شروع کریں تاکہ ممبران کو اس موذی مرض سے بچنے کی تدابیر سے آگاہی ہو۔ انہوں نے کہا کہ تمام کوآپریٹو سوسائٹیز کو چاہیے کہ وہ صفائی ستھرائی کا کام مکمل کریں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور ممبران کو آگاہی کیلئے بینرز اور فلیکس لگائیں اور ٹریننگ سیشن کا انعقاد کریں تاکہ اس مرض کا بھر پور مقابلہ کیا جاسکے۔ محکمہ صحت کی جانب سے ڈاکٹر شاہد اکرام پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد ضیغم، صوبائی انٹمالوجسٹ اور سعید الرحمن ڈائریکٹر انٹمالوجسٹ نے لاہور کی 70 کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کے نمائندگان کو اس موذی مرض سے نمٹنے کی تدابیر سے آگاہ کیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر کوآپریٹوز سیٹھ محمد اقبال، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر کوآپریٹو فرخ حیات پنوں، محکمہ امداد باہمی کے اہلکار اور کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -