ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت انسداد ڈینگی کے حوالے سے اجلاس

ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت انسداد ڈینگی کے حوالے سے اجلاس

  

( جنرل رپورٹر، اپنے نمائندے سے) ڈی سی او لاہور ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت انسداد ڈینگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی سی او لاہور نے 26 اپریل کو اینٹی ڈینگی ڈے اور ہفتہ صفائی منانے کا اعلان کیا۔ ڈینگی مہم کو مستحکم کرنے کیلئے ڈی سی او لاہور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور عوام الناس ڈٹ کر ڈینگی کا مقابلہ کریں۔ اینٹی ڈینگی ڈے کے حوالے سے افسران کو احکامات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہفتہ صفائی بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے۔ انسداد ڈینگی مہم کے تحت لوگوں میں شعوراجاگر کرنے کے لئے شہر کے تمام ٹاؤنز میں اینٹی ڈینگی واکس کا اہتمام کریں تاکہ لوگوں میں ڈینگی آگاہی پیدا کی جائے۔ ہفتہ صفائی کے حوالے سے انتظامیہ کو احکامات دیتے ہوئے ڈی سی او لاہور نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈینگی کی روک تھام کے مناسب اقدامات کئے جائیں۔ قبرستانوں ، کباڑخانوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ سکولوں، کالجوں اور گھروں میں آگاہی مہم چلائی جائے اور عوام الناس پر زور دیا جائے کہ وہ اپنے ارد گرد صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔ گھروں میں پڑے برتنوں اور واٹر کولروں میں پانی کو زیادہ دیر تک جمع نہ ہونے دیں اور اپنے گھروں کی چھتوں کی بھی مکمل صفائی ستھرائی رکھیں تاکہ ڈینگی لاروا کی نشوونما و پیدائش کے لئے ساز گار ماحول فراہم نہ ہو سکے۔ ڈی سی او لاہور ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ہدایت کی کہ عوام الناس اینٹی ڈینگی واکس اور ہفتہ صفائی میں بھرپور شرکت کریں تاکہ ڈینگی کی روک تھام میں کردار ادا کر سکیں۔ اس موقع پر مختلف محکموں نے انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کے متعلق بریفنگ دی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -