ماہرین میڈیکل کے میدان میں ریسرچ پر خصوصی توجہ دیں : جنرل (ر)ضیاء الدین بٹ

ماہرین میڈیکل کے میدان میں ریسرچ پر خصوصی توجہ دیں : جنرل (ر)ضیاء الدین بٹ

  

لاہور (جنرل رپورٹر) چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ وجنرل ہسپتال کے جنرل (ر) ضیاء الدین بٹ نے شعبہ طب سے وابستہ ماہرین پر زور دیا ہے کہ وہ میڈیکل کے میدان میں ریسرچ پر خصوصی توجہ دیں اورعالمی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں اور پیشرفت سے اپنے آپ کو نہ صرف خود آگاہ رکھیں بلکہ اپنے تجربات اور علم سے نوجوان ڈاکٹروں کو روشناس کرائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی جی ایم آئی کی پہلی ایلومینائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں اندرون و بیرون ممالک سے ڈاکٹروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پرنسپل پروفیسر انجم حبیب وہرہ، پروفیسر محمود علی ملک ، پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احسن ، پروفیسر نذیر احمد اور پروفیسر سعدیہ چراغ نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ گذشتہ چالیس سالوں سے پاکستان بھر کے میڈیکل کالجوں اور ہسپتالوں میں سپیشلسٹ کی کمی پوری کر رہا ہے اور یہاں سے تعلیم یافتہ طبی ماہرین بیرون ممالک میں بھی نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دور جدید کے چیلنجز سے نمٹنے اور تعلیم و تحقیق کے کام کو فروغ دینے کے لئے پی جی ایم آئی میں جدید ریسرچ لیبارٹریز ، پی ایچ ڈی کلاسز کے اجراء کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال جو دماغی امراض خصوصا ہیڈ انجری کے علاج کے لئے شہرت رکھتا ہے لہذا اس ہسپتال میں ہیلی پیڈ تعمیر ہونا چاہیے تا کہ ٹریفک حادثات میں شدید زخمی افراد کو بلا تعطل ہسپتال تک پہنچا کر ان کی جان بچائی جا سکے ۔ پروفیسر انجم حبیب وہر ہ نے حکومت پنجاب خصوصا وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی میڈیکل کی تعلیم کے فروغ کے لئے نئے میڈیکل کالجز کے قیام ، ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ، نئے ہسپتال تعمیر کرنے کے علاوہ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈکس کی فلاح و بہبود کے لئے مالی وسائل کی فراہمی اور عملی اقدامات کو سراہا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -