افسران کو درپیش مسائل کے حل کے لیے 7 رکنی پراونشل کمیٹی تشکیل
لاہور(کامرس رپورٹر) صوبے کے تمام ریونیو افسران کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری طور پر سیکرٹری ریونیو کی سربراہی میں 7 رکنی پراونشل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ ضلعی سطح پر بھی ڈی سی او کی سربراہی میں4۔ رکنی کمیٹی کا اجراء کردیا گیاہے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ صوبے کے تمام پٹوار خانوں کو اپ گریڈ کرنے اور اُن کی تعمیر ومرمت کے لیے بھی احکامات جاری کئے جارہے ہیں جبکہ بہترین کارکردگی کے حامل پٹواریوں کو اسناداور اقدامات دینے بارے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔اس امر کا اظہارانہوں نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف نے آج انجمن پٹواریوں کے مختلف اضلاع کے نمائندوں سے میٹنگ میں کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ریونیو ڈپٹی سیکرٹری اور دیگر ریونیو افسران بھی موجود تھے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے کہا کہ پٹواری حکومت کا دست وبازو ہیں جن کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکتی ہیں۔ حکومت نے اُن کی کارکردگی کو ہر مقام پر سراہا ہے۔ اُن کو درپیش ہر قسم کے مسائل کو پروانشل اور ڈسڑکٹ کمیٹیوں کے ذریعے حل کئے جائیں گے تاکہ پٹواری حضرات بہتر طریقہ سے اپنے کام انجام دے سکیں۔ اس سلسلے میں یہ کمیٹیاں ماہانہ بنیادوں پر اجلاس منعقد کرنے کی پابند ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام پٹوارخانوں کی تعمیر و مرمت اور انہیں اپ گریڈ کرنے کے سلسلے میں متعلقہ انتظامیہ کو ہدایات دے دی گئی ہیں تاکہ ان کی کارکردگی میں بہتری پیدا ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہترین کارکردگی کے حامل پٹواریوں کو اعلیٰ کارکردگی کی بناپر اسناد اور انعامات سے بھی نوازنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔