یورپی یونین کو اعلیٰ آم کی برآمد کیلئے جامع تجاویز وزارت کو ارسال

یورپی یونین کو اعلیٰ آم کی برآمد کیلئے جامع تجاویز وزارت کو ارسال

  

کراچی(آن لائن) آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز ،امپورٹرزایسوسی ایشن نے بھارت کی طرز پر پابندی سے بچنے و یورپی یونین کو اعلیٰ معیار کے آم کی برآمد ممکن بنانے کیلئے جامع تجاویز وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کو ارسال کردی ہیں۔آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے دی جانے والی تجاویز رواں سیزن میں یورپی یونین کو آم کی برآمد کیلئے سرکاری سطح پر تشکیل دیے جانے والے پروٹوکول کا حصہ بنیں گی اور یورپی یونین کو آم کی ایکسپورٹ کیلیے پری کولیفائڈ ایکسپورٹرز کیلئے سرکاری پروٹوکول کی پابندی لازم ہوگی۔ پی ایف وی اے کے ترجمان اور سابق چیئرمین وحید احمد کے مطابق ان تجاویز میں حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ ایکسپورٹ پراسیس کی نگرانی کیلئے خصوصی کمیٹی قائم اور اریڈیشن پلانٹ جلد نصب کرنے کی تجویز سمیت فارمز، پیک ہاؤسز ، ایکسپورٹرز اور قرنطینہ ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ایسوسی ایشن نے باغات کی سطح پر مکھیوں و بیماریوں کی روک تھام کیلیے تجویز دی ہے کہ فارمز میں رواں ماہ سے ہی دواؤں کا چھڑکاؤ، صحت عامہ کے اقدامات کا نفاذ کیا اور ان کا دستاویزی ریکارڈ رکھا جائے، منتخب فارمز کا ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی، قرنطینہ ڈپارٹمنٹ اور ماہرین سے وقتاً فوقتاً معائنہ کرایا جائے، فروٹ فلائز پکڑنے کیلیے فلائی کیچر نصب اور دواؤں کا اسپرے یورپی یونین کے اصولوں کی حد کے مطابق دوا ساز کمپنی کی ہدایات کی روشنی میں کرایا جائے، ایکسپورٹرز باغات کی گلوبل گڈ ایگری کلچر پریکٹس سرٹیفکیشن کیلیے فارمز کی معاونت کریں، پہلے سے رجسٹرڈ فارمز میں گلوبل گیپ کے پروٹوکول پر عمل کیا جائے۔پیک ہاؤسز کے لیے دی جانے والی سفارشات میں زور دیا گیا ہے کہ ایکسپورٹرز اس بات کو یقینی بنائیں کہ یورپی یونین کو ایکسپورٹ کیے جانیوالے آم کو پوری طرح ڈی سیپ کیا گیا ہو، دبے ہوئے، داغ دار یا کٹے پھٹے یا ایسے آم شپمنٹ میں ہر گز شامل نہ کیے جائیں جن کے مسترد کیے جانے کا شبہ ہو، یورپی یونین کے اصولوں کے مطابق آم کی درجہ بندی اور مقررہ وزن و سائز کا ہر حال میں خیال رکھا جائے، شپمنٹ کی ہینڈلنگ کے دوران ہر مرحلے میں انٹرنیشنل کوڈ آف پریکٹس پر عمل درآمد کیا جائے جن میں جنرل پرنسپل آف فوڈ اینڈ ہائی جین، کوڈ آف ہائی جین پریکٹس فار فریش فروٹ اینڈ ویجیٹیبل اور دیگر کوڈ آف پریکٹس شامل ہیں۔

مزید :

کامرس -