راولپنڈی ‘سی پی ایل سی کاقیام ہر صورت میں لایا جائے گا ‘اختر عمر حیات لالیکا

راولپنڈی ‘سی پی ایل سی کاقیام ہر صورت میں لایا جائے گا ‘اختر عمر حیات لالیکا

  

راولپنڈی(کامرس ڈیسک) ریجنل پولیس آفیسر اختر عمر حیات لالیکا اور سٹی پولیس آفیسر ہمایوں بشیر تارڑنے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور صدر چیمبر ڈاکٹر شمائل داؤد آرائیں سے ملاقات کی ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سٹیزن پولیس رابطہ کمیٹی(سی پی ایل سی ) کے قیام کو رواں ماہ کے شروع یا مئی کے پہلے ہفتے میں ہر صورت عمل میں لایا جائے گا تا کہ تمام مسائل کو مل بیٹھ کر حل کیا جا سکے اور کاروباری برادری کو امن و امان کی صورتحال سے درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے اقدامات کئے جا سکیں۔ ریجنل پولیس آفیسراختر عمر حیات لالیکا نے کہا کہ سی پی ایل سی کے حوالے سے پولیس کی طرف سے تمام انتظامات مکمل ہیں اور چیمبر کی طرف سے اقدامات کے منتظر ہیں ، انہوں نے کہا کہ سی پی ایل سی کراچی کے ماڈل کو مد نظر رکھ کر اور چند ضروری تبدیلوں کے ساتھ نافذ العمل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سی پی ایل سی کے قیام کا مقصد کمیونٹی کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی اور جرائم کی سختی سے روک تھام کو یقینی بنانا ہے ،شہر کی مجموعی امن و امان صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کا پولیس پر عدم اعتماد ادارے کی کارکردگی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے ،خواہش ہے کہ راولپنڈی کے لوگ بلا جھجک اوربلاخوف پولیس کے پاس اپنے مسائل لے کر آئیں کسی کو مایوس نہیں کیا جائے گا ۔،اور خاص طور پر کاروباری برادری پولیس پر اعتماد رکھے اور پیش ہونے والے واقعات کو صیحح رپورٹ کروائے اور تمام معلومات شیئر کرے تا کہ ملوث افراد کے ساتھ نمٹنے میں آسانی پیدا ہو سکے ،راولپنڈی پولیس نے گزشتہ چند ہفتوں میں بڑے گینگز کو پکڑا ہے اور اگر کاروباری برادری ساتھ دے اور سی پی ایل سی کو فعال بنائے تو مستقبل میں راولپنڈی شہر کو جرائم سے پاک کرنے کا اعادہ کرتا ہوں ۔اس سے قبل صدر چیمبر ڈاکٹر شمائل داؤد آرائیں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ راولپنڈی چیمبر پولیس اور انتظامیہ پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہے اور یقین رکھتا ہے کہ اگر پولیس کے ساتھ تمام تر معلومات شیئر کی جائیں تو نہ صرف جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ ان گھناؤنے اور معاشرتی جرائم میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا بھی دی جا سکتی ہے ،انہوں نے نئے سی پی او کو عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی ۔

مزید :

کامرس -