رانا ثناءاللہ کی عدم موجودگی سے محکمہ مال اور انجمن پٹواریان کے مزاکرات تعطل کا شکار

رانا ثناءاللہ کی عدم موجودگی سے محکمہ مال اور انجمن پٹواریان کے مزاکرات تعطل ...

  

                               لاہور (اپنے نمائندے سے ) محکمہ مال پنجاب اور انجمن پٹواریان پنجاب کے درمیان ہونے والے مذاکرات صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ کی عدم موجودگی کے باعث تعطل کا شکار ہو گئے جبکہ انجمن پٹواریان نے پنجاب میں زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنے کے عمل کا بائیکاٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے سرکاری ڈیوٹی ادا نہ کرنے والے پٹواریوں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے انہیں نوکری سے برخاست کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق انجمن پٹواریان پنجاب نے مطالبات کی حتمی منظوری نہ ملنے تک احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد محکمہ مال پنجاب نے انجمن پٹواریان سے مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی دعوت دی تھی جس کے تحت گزشتہ روز انجمن پٹواریان پنجاب کے نمائندوں سمیت محکمہ مال پنجاب کے اعلیٰ عہدیدار مذاکرات کے لئے پنجاب اسمبلی میں جمع ہوئے جہاں صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے بھی شرکت کرنا تھی تاہم صوبائی وزیر کی عدم موجودگی کے باعث مذاکرات نہ ہوسکے اور آئندہ مذاکرات جمعہ کے روز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ انجمن پٹواریان پنجاب کے صدر عبدالمجید جٹ نے ” روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز مذاکرات نہیں ہو سکے انہوں نے اپنے تحفظات سے متعلق محکمہ مال کے اعلیٰ عہدیداروں کو آگاہ کر دیا ہے جبکہ مطالبات کی حتمی منظوری تک پنجاب بھر کے پٹواری زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنے کے عمل کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے۔دوسری جانب سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف نے کہا ہے کہ انہوں نے پٹواریوں کے جائز مطالبات کو تسلیم کرلیا ہے اس سلسلے میں حتمی نوٹیفکیشن تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی جاری ہو گا لیکن پٹواری جلد بازی سے کام لے رہے ہیں اب ان کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم اگر کوئی پٹواری اپنی سرکاری ڈیوٹی سر انجام دینے سے انکار کرے گا تو پھر ان کے خلاف سخت ایکشن لینا پڑے گا چاہئے ان کو نوکری سے برخاست بھی کرنا پڑے۔

 انجمن پٹواریان

مزید :

علاقائی -