قومی سلامتی کے اداروں پر گھناﺅنی الزام تراشی آئین شکنی ہے،چوہدری ظہیرالدین

قومی سلامتی کے اداروں پر گھناﺅنی الزام تراشی آئین شکنی ہے،چوہدری ظہیرالدین

  

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی چوہدری ظہیرالدین خاں نے کہا ہے کہ فوج یا اس کے کسی ذیلی ادارے پر گھناﺅنی الزام تراشی آئین شکنی ہے۔ایسے عناصر پر بھی غداری کا مقدمہ بننا چاہیے،حکومت اس سارے معاملہ میں انتظامی کردار ادا کرنے میں دانستہ لاتعلق رہی ،چوہدری شجاعت حسین نے درست کہا کہ وزیراعظم کو اپنے ماتحت ادارے کے تقدس کا خیال رکھنا چاہیے تھا ۔وہ گزشتہ روز مسلم لیگ ہاﺅس میں مسلم لیگی عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ چوہدری ظہیرالدین نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے ضامن ادارے کے خلاف یکطرفہ پراپیگنڈہ کرنے والے درحقیقت پاکستان کے دشمنوں کو خوش کر رہے ہیں ۔حامد میر پر قاتلانہ حملہ قابل افسوس ہے مگر قانونی ضابطے اور انکوائر ی کیے بغیر کسی پر الزام تراشی درست نہیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایک اور افسوسناک روایت قائم کی ہے کہ ایف آئی آر درج نہیں اور کمیشن بھی قائم کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام قومی سلامتی کے ادارے فوج اور آئی ایس آئی کا دل و جان سے احترام کرتے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -