پہلی ساﺅتھ ایشیا لیبرکانفرنس کا افتتاح آج وزیراعلی کریں گے

پہلی ساﺅتھ ایشیا لیبرکانفرنس کا افتتاح آج وزیراعلی کریں گے

  

لاہور(کامرس رپورٹر)پہلی ساﺅتھ ایشیا لیبر کانفرنس آج (جمعرات)لاہور میں شروع ہو رہی ہے جس کا باقاعدہ افتتاح وزیراعلی محمد شہباز شریف کریں گے۔کانفرنس میں شرکت کے لئے سری لنکا، مالدیپ، بنگلہ دیش اور افغانستان سے لیبر منسٹر ز جبکہ بھارت، نیپال اور بھوٹان سے اعلی سطحی وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے لاہور میں سری لنکا کے وزیر محنت ولیبر ریلشنز گامینی لوکیج،سری لنکن ہائی کمشنرائیر چیف مارشل (ر) جایا لتھ ویراک کوڈے اور وفد کا لاہور ائر پورٹ پر استقبال کیا۔بنگلہ دیش سے وفاقی وزیر برائے محنت وایمپلائنمنٹ مجیب الحق 8رکنی وفد جبکہ افغانستان سے ڈپٹی منسٹر برائے لیبر افیئرز 6 رکنی وفد کے ہمراہ آج لاہور پہنچ رہے ہیں۔آئی ایل او ماہرین،یورپی یونین کے نمائندے ،ساﺅتھ ایشیا ممالک سے لیبر ،ایمپلائرز ،این جی اوز اور لیبر ماہرین کانفرنس میں شرکت کے لئے پہلے ہی لاہور پہنچ چکے ہیں جبکہ بھارت ،نیپال اور بھوٹان سے آنے والے اعلی سطحی وفوداور دیگر سٹیک ہولڈرز کے درمیان انٹر نیشنل لیبر لاز ،لیبر مائیگریشن ،اہم مسائل اور علاقائی سطح پر مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لئے مشترکہ پلیٹ فارم پرغوروخوض کیا جائے گا۔اختتامی سیشن میں وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف خطے میں معیشت کے فروغ،بین الاقوامی لیبر مارکیٹ میںجنوبی ایشیائی مزدوروں کی کھپت کے امکانات میںاضافے اور قانون سازی کے حوالے سے ساﺅتھ ایشیا ممالک کے متفقہ نقطہ نظر پر مبنی قرار داد پیش کریں گے۔وفد کے ارکان ایکسپوسنٹر لاہور میں چاروں صوبوں کے ہنر مندمزدوروں اور خواتین ورکرز کی بنائی ہوئی دستکاریوں کی نمائش دیکھنے کے علاوہ ثقافتی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔وفود میں سارک چیمبرز آف کامرس ،مزدور یونینز،ایمپلائرز،صنعت کار،شعبہ تعلیم،سول سوسائٹی اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے دانشور خواتین وحضرات شرکت کررہے ہیں۔

لیبرکانفرنس

مزید :

صفحہ آخر -