موسم گرما میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم رکھا جائے، وزیر اعظم
اسلام آباد(اے این این) وزیر اعظم نواز شریف نے بجلی و گیس کے نادہندگا ن سے ہنگامی بنیاد پر واجبات کی وصولی کا حکم دے دیا،ایک ہفتے میں رپورٹ طلب،کاہلی کی مرتکب ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے خلاف کارروائی اور موسم گرما میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم رکھنے کی ہدایت۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں اسلام آباد میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات، وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی، پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی، سیکرٹری پیٹرولیم اور دیگر سرکاری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں بجلی و گیس چوری اور لوڈ شیڈنگ سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم کو ملک میں گیس و بجلی کی مجموعی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گیس و بجلی کی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم سے گیس اور بجلی کا ضیاع ناقابل قبول ہے اور اسے روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کی چوری کے خلاف موجودہ حکومت نے قانونی اقدامات کیے ہیں۔ وزارت بجلی و پانی کی جانب سے وزیر اعظم کو آئندہ 4 ماہ کے لئے لوڈ شیڈنگ کا شیڈول بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پروزیر اعظم نے ہدایت کی کہ موسم گرما میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ ہر ممکن حد تک کم سے کم ہونا چاہئے تاکہ عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔