مفاد عامہ کے منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کیے گئے ہیں، شہباز شریف

مفاد عامہ کے منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کیے گئے ہیں، شہباز شریف

  

 لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ مفاد عامہ کے منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ گزشتہ پونے چھ برس کے دوران صوبے بھر میں بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جو شفافیت اور معیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں۔ اربوں روپے کی لاگت سے جاری فلاحی پروگراموں سے بھی عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں صوبے میں مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں معاون خصوصی وزیراعلیٰ عزم الحق، ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ترقیاتی منصوبوں کو برق رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچا رہی ہے۔ صوبے میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور برق رفتاری سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پونے چھ برس سے دیانتداری سے صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا گیا ہے۔ قومی وسائل کو امانت سمجھ کر عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خرچ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور ان کا مفاد انہیں سب سے زیادہ عزیز ہے اس لئے متعلقہ محکمے عوامی منصوبوں کی تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر شفاف انداز سے عملدرآمد کیلئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا گیا ہے اور قومی وسائل کی ایک ایک پائی نہایت ایمانداری اور شفاف طریقے سے عوام کی فلاح پر ہی صرف کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے مفاد عامہ کے منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ عوام ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے یہاں سری لنکا کے ہائی کمشنر ائیرچیف مارشل (ر) جایالتھ ویراک کوڈے نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے سری لنکن ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا میں بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ پاکستان سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعلقات کے ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام کی بہتری کیلئے مشترکہ اقدامات کئے جائیں، اس مقصد کیلئے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔ پاکستان سارک ممالک کے ساتھ اچھے اور مستحکم تعلقات کا خواہاں ہے۔ سری لنکا سارک کا اہم رکن ملک ہے۔ پنجاب میں 2010 اور 2011 کو ڈینگی کے بدترین حملے میں سری لنکا کے ڈاکٹروں اور ماہرین نے انسانی بنیادوں پر ہماری مدد اور رہنمائی کی جس پر پنجاب کے عوام سری لنکا کی حکومت کے ممنون ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سارک ممالک کے درمیان روابط بہتر بنانے کیلئے لاہور میں ساؤتھ ایشیا لیبر کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سری لنکن ہائی کمشنر جایا لتھ ویراک کوڈے نے وزیراعلیٰ کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاک سری لنکا تعلقات کے فروغ کیلئے بھرپور کوششیں کریں گے۔ پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا ایک اہم صوبہ ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی سربراہی میں موجودہ پنجاب حکومت بھرپو رانداز میں عوام کی خدمت کر رہی ہے اور وزیراعلیٰ کے ترقیاتی ویژن نے ہمیں بہت متاثر کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو سری لنکا کے دورے کی دعوت بھی دی۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہو داحمد خان، خواجہ احمد حسان اور سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل ندیم ضیاء پیرزادہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

صفحہ اول -